راحت فتح علی دبئی ایئرپورٹ پر گرفتار:ذرائع، ایسا کچھ نہیں ہوا: گلوکار
دبئی (نوائے وقت رپورٹ) معروف گلوکار راحت فتح علی خان کو دبئی ائیرپورٹ پر گرفتار کر لیا گیا۔ راحت فتح علی خان کو گرفتار کر کے برج دبئی پولیس سٹیشن میں رکھا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق راحت فتح علی خان کے سابق منیجر سلمان احمد نے ان کے خلاف دبئی حکام کو درخواستیں دے رکھی ہیں۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ راحت فتح علی خان اپنے کنسرٹ کے سلسلے میں دبئی پہنچے تھے۔ راحت فتح علی خان نے چند ماہ قبل اپنے منیجر سلمان احمد کو تنازعہ کے بعد برطرف کر دیا تھا۔ گرفتاری کے معاملے کا ڈراپ سین ہو گیا۔ گلوکار کی جانب سے ویڈیو بیان سامنے آیا ہے کہ ان کی گرفتاری نہیں ہوئی اور ایئرپورٹ پر نارمل چیکنگ اور سوال جواب ہوئے تھے اور اب وہ اپنا کام کر رہے ہیں۔ راحت فتح علی خان کے مطابق ان سے سوال جواب کیلئے درخواستیں دبئی حکام کو دی گئی تھیں اور یہ کوئی بھی دے سکتا ہے۔ گھٹیا افواہوں پر کام نہ دھریں ایسا کچھ نہیں ہے۔ دوسری جانب میوزک ڈائریکٹر فاروق راؤ نے کہا ہے کہ راحت فتح علی خان دبئی میں اپنے گانوں کی ریکارڈنگ کر رہے ہیں۔