• news

کاروباردوست ماحول کی فراہمی کیلئے ہرمملن اقدمات کررہے ہیں : وزیراعظم

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ حکومت تاجروں اور سرمایہ کاروں کو کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہی۔ جبکہ وزیراعظم نے وفاقی وزارتوں کی استعداد کار اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لئے سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے جس کی سربراہی و ہ خود کریں گے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافے اور حکومتی اداروں کی استعداد کار میں بہتری کے حوالے سے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی صدارت میں اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کی جانب سے وفاقی وزارتوں کی استعداد بڑھانے اور سرمایہ کاری میں اضافہ  کے لئے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کے لئے کنسلٹنسی فرم کئیارنی (Kearney) کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔ کئیارنی ایک بین الاقوامی شہرت یافتہ فرم ہے جس کے آپریشنز دنیا بھر خصوصاً مشرق وسطی میں ہیں۔ وزیراعظم نے وفاقی وزارتوں کی استعداد کار اور سرمایہ کاری کے بڑھانے پر پیشرفت کے حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت جس کی سربراہی وزیراعظم خود کریں گے۔ کئیارنی کی جانب سے وزیراعظم کو حکومت پاکستان کے ساتھ جاری اپنے مشاورتی عمل کی حکمت عملی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کئیارنی اب تک وفاقی حکومت کے 15 اداروں کے ساتھ مشاورت کر چکی ہے، اس مشاورتی عمل میں 97 ترجیحی منصوبوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کئیارنی حکومت پاکستان کے ساتھ مشاورت میں پائیدار ترقی کے لئے منصوبہ بندی کا لائحہ عمل تیار کرے گی۔ کئیارنی سرکاری اداروں کا ریگولیٹری فریم ورک بہتر بنانے اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنے اور ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کے حوالے سے حکومت پاکستان کو معاونت فراہم کرے گی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے غزہ میں خان یونس کے علاقے پر اسرائیلی فورسز کے حملے کے شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔ اقوام متحدہ کو مسئلہ فلسطین کو حل کرنے میں اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔ گزشتہ روز کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ خان یونس کے پناہ گزینوں کو انخلاء کی ہدایات کے منٹوں کے اندر اندر ایسا جارحانہ حملہ انسانیت کی تضحیک ہے۔

ای پیپر-دی نیشن