• news

روف  حسن گرفتار ِ پی ٹی آئی ریاست مخالف پر پراپیگنڈا میں ملوث جے آئی ٹی  بنے گی ، وزارت داخلہ

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی پولیس نے تحریک انصاف کے سینٹرل سیکرٹریٹ میں چھاپہ مارکر سیکرٹری اطلاعات رئوف حسن کو گرفتارکر لیا جنہیں پولیس لائن منتقل کردیا گیا۔ وفاقی پولیس نے رئوف حسن کی گرفتاری کی تصدیق کردی۔ سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی کی گرفتاری کیلئے پولیس چھاپے کے موقع پر ایلیٹ فورس کی بھاری نفری آس پاس کے علاقے میں تعینات کی گئی تھی۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے سینٹرل سیکرٹریٹ جی ایٹ فور میں قائم ڈیجیٹل میڈیا سیل پر پیر کے روز ایف آئی اے، وفاقی پولیس نے چھاپہ مارا۔ یہ چھاپہ اس اطلاع پر مارا گیا کہ وہاں قائم پی ٹی آئی کا ڈیجیٹل میڈیا مرکز انٹرنیشنل ڈس انفارمیشن کا ہب بنا ہوا ہے جہاں سے پوری دنیا میں پاکستان مخالف پروپیگنڈا کرایا جاتا ہے۔ ذرائع نے کہا کہ اس ڈیجیٹل میڈیا مرکز سے پاکستان مخالف اور ملکی سلامتی کے خلاف پروپیگنڈا بھی چلایا جاتا تھا جس میں براہ راست ملوث لوگوں کو رنگے ہاتھوں ان کے تمام سازو سامان سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گرفتار کرکے جائے وقوعہ سے تمام ثبوت بھی تحویل میں لے لئے۔ ذرائع کے مطابق ڈیجیٹل میڈیا مرکز سے مقامی لوگوں کو بھڑکایا اور پروپیگنڈا کیمپینز چلائی جاتی تھی۔ ذرائع کے مطابق ریڈ پی ٹی آئی کے انٹرنیشنل سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ کی طرف سے دی جانے والی معلومات پر کیا گیا۔ قبضہ میں لئے گئے سامانِ اور میٹریل سے شواہد یکجا کئے جارہے ہیں۔  مشیر اطلاعات خیبر پی کے بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے رؤف حسن کی  گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی حکومت نے فسطائیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔ دوسری جانب وزارت داخلہ نے تحریک انصاف کے کوارڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ اور رؤف حسن کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے ’ریاست مخالف پروپیگنڈے‘ کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کو گرفتار کیا اور ابتدائی تفتیش و ڈیجیٹل مواد کی روشنی میں پی ٹی آئی کے ڈیجیٹل میڈیا ونگ پر اسلام آباد پولیس اور ایف آئی اے کی ٹیم نے چھاپہ مارا۔  پی ٹی آئی ریاست مخالف پروپیگنڈے میں ملوث ہے، جس کی تحقیقات کیلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی جارہی ہے۔  مزید برآں آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ پولیس کسی سیاسی انجینئرنگ کا حصہ نہیں ہے ہم قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں قانون کی نظر میں سب برابر ہیں سب کے ساتھ ایک جیسا سلوک کیا جائے گا رضوان احمد سے متعلق ریکارڈ چیک کرکے بتاؤں گا رضوان کے کیس میں میرٹ کو ملحوظ خاص رکھا جائے گا۔ پی ٹی آئی دفتر پر چھاپے کیلئے اے ٹی سی سے سرچ وارنٹ لئے گئے ہیں پولیس سرچ وارنٹ اور ایف آئی اے ٹیم کے ساتھ سنٹرل سیکرٹریٹ گئی ۔پی ٹی آئی کے رہنما رؤف حسن کو اسلام آباد پولیس نے باضابطہ طور پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن