• news

چکن مہنگا ہونے پر اظہار برہمی ، ریٹ بڑھ گئے ذمہ دارادارے کہاں ہیں مریم نواز 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز  سے چیئرپرسن چیف منسٹر ڈائریکٹوریٹ آف ایویلیوایشن، فیڈ بیک، انسپیکشن اینڈ مانیٹرنگ بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ  نے بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین کے عہدہ سنبھالنے پرنیک خواہشات کا اظہار کیا۔  انتظامی سطح پر گورننس، شفافیت کے لئے تجاویز اور سفارشات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔  مریم نواز نے پبلک سروس سے متعلقہ سرکاری محکموں کی مانیٹرنگ بہتر بنانے کے لئے ٹیکنالوجی پر انحصار بڑھانے، انتظامیہ اور پولیس کے لئے جدید ترین ٹریننگ میکنزم تشکیل دینے کی ہدایت کی۔  انہوں نے کہا کہ کی پرفارمنس انڈیکس کے قیام سے افسروں میں احساس ذمہ داری کا اضافہ ہوا ہے۔  پرفارمنس انڈیکس کی سخت مانیٹرنگ کی جائے، گڈ گورننس یقینی بنانے کے لئے ڈیفم کردار نہایت اہم ہے۔ مریم نواز سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال اور صوبائی اسمبلی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔  ترقیاتی پراجیکٹس پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔  ملک محمد احمد خان نے مصنوعی مہنگائی کے تدارک کے لئے حکومت پنجاب کے اقدامات کو سراہا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ملک کی پہلی ایئرایمبولینس سروس کی کامیاب ٹیسٹ فلائٹ پر مبارکباد پیش کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ  حکومت کی تمام تر توجہ غریب عوام کو ریلیف دینے پر مرکوز ہے۔ مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کرکے ہمیشہ کے لئے دفن کرنا چاہتے ہیں۔  مریم نواز  کے عزم ’’مہنگائی ہرگز نہیں‘‘۔ کے مطابق  وزیر اعلیٰ نے چکن کے نرخ بڑھنے پر خصوصی اجلاس طلب کر لیا۔  چکن کی مصنوعی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کیا اور صوبے بھر میں چکن اور پولٹری مصنوعات کے نرخ میں مسلسل اضافے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔  چکن کی پرائس کا تعین کرنے کے لئے ریگولیٹری میکنزم تشکیل دینے کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ  نے کہا کہ چکن سب سے زیادہ استعمال ہونے والی اشیاء خوردنی میں شامل ہے، ریٹ بڑھ گئے ذمہ دار ادارے کہاں ہیں؟۔ چکن صوبہ بھر میں عوام کے زیادہ استعمال کی چیز ہے، ریٹ بڑھنا گوارا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولٹری والے بزنس کریں، جائز منافع کمائیں لیکن عوام پر ناجائز بوجھ نہ ڈالیں۔ اپنے عوام کا احساس ہے، مافیاز کو مہنگائی کی اجازت نہیں دے سکتے۔ کسی کا نقصان نہیں چاہتے مگر کیا عوام کو مافیاز کے رحم و کرم پر چھوڑ دیں؟۔ مہنگائی کسی صورت قابل قبول نہیں، تمام متعلقہ ادارے فیلڈ میں مانیٹرنگ کریں۔ چکن کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر نہیں ہونی چاہیے، نرخ پر نظر رکھی جائے۔  مریم نواز  نے کھرڑیانوالہ میں تیسری بیٹی کی پیدائش روکنے کے لئے بیوی کے قتل کے واقعہ  نوٹس لے لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے آئی جی پولیس سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔  اور واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے  کہا کہ کسی بیٹی کا قتل انتہائی تکلیف دہ اور ناقابل برداشت ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے لیڈی ایچیسن ہسپتال کے اپ گریڈڈ او پی ڈی اور اپ گریڈڈ آئی وارڈ میو ہسپتال کا افتتاح کر دیا۔ لیڈی ایچیسن ہسپتال کی اپ گریڈڈ او پی ڈی بلاک کا دورہ کیا اور کنسلٹنٹ او پی ڈی، او پی ڈی، اینٹی نینٹل کلینک، نرسنگ آفس اور ٹرائیج روم کا معائنہ کیا۔ وارڈ میں موجود زچہ و بچہ کی خیریت دریافت کی، جلد صحت یابی کی دعائیں کیں۔ وزیراعلی  کو اپنے درمیان دیکھ کر مریض اور تیمار دار بہت خوش ہوئے۔ انہوں نے ننھے بچوں کو پیار کیا اور درازی عمر کی دعائیں دیں۔ وزیراعلی نے نومولود بچے کو گود میں ا ٹھا لیا اور پیار کیا۔ اس موقع پر ایک مریضہ نے اپنے مسائل سے آگاہ کیا تو وزیراعلی نے تسلی دی اور مسئلہ فوری حل کرنے کا حکم دیا۔ مریم نوازشریف نے ڈاکٹروں اور نرسز کی خواہش پر تصاویر بھی بنوائیں۔ بعدازاں وزیراعلی مریم نوازشریف میوہسپتال کے آپتھلمالوجی وارڈ پہنچ گئیں اوراپ گریڈیشن پراجیکٹ کا  افتتاح کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیاکہ میو ہسپتال کے 8 فلور پر مشتمل آئی وارڈ کی اپ گریڈیشن کی گئی۔ آپریشن تھیٹر کی تعداد 5سے بڑھا کر 14کر دی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن