موسمیاتی تبدیلی بڑا چیلنج‘ نسلیں محفوظ بنانے کیلئے زیادہ درخت لگانا ہوں گے: عطا تارڑ
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آنے والے وقت میں موسمیاتی تبدیلی بہت بڑا چیلنج ہوگی، ہمیں اپنی نسلوں کو محفوظ بنانے کے لئے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے زیر اہتمام مارگلہ ہلز میں شجرکاری مہم کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسلام آباد کا شمار خوبصورت ترین شہروں میں ہوتا ہے، ہمیں فخر ہے کہ اسلام آباد ہمارا کیپیٹل ہے، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں خوبصورت دارالحکومت سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ مارگلہ نیشنل پارک اسلام آباد کی پہچان ہے جس پر ہم فخر کرتے ہیں۔ اسلام آباد میں ہوا کا معیار باقی شہروں سے بہتر ہے۔ یہاں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے سے ماحول میں مزید بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ’’سیلفی ود اے ٹری‘‘ کے نام سے شجرکاری مہم شروع کی جا رہی ہے۔ اسلام آباد کے شہریوں سے گذارش ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت اور پودے لگائیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے تجویز دی کہ وفاقی دارالحکومت میں گرین روف ٹاپ پراجیکٹ شروع کیا جائے۔ مارگلہ نیشنل پارک میں آتشزدگی کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آتشزدگی کی وجہ سے نقصان بھی ہوا لیکن سی ڈی اے، وزارت موسمیاتی تبدیلی، فائر بریگیڈ، محکمہ جنگلات کی ٹیموں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے رات گئے آگ بجھانے کی کاوشیں انجام دیں، اگر کہیں کوئی تخریب کاری کا عنصر موجود تھا تو اس کے خلاف کارروائی بھی کی گئی۔ پاکستان کا کاربن کے اخراج میں صرف دو فیصد حصہ ہے لیکن اس کا 90 فیصد نقصان ہم برداشت کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ’’ ٹریک یوئر ٹری‘‘ (Track your tree )کے نام سے جلد ایپلی کیشن لانچ ہوگی، اس کی ویب سائیٹ پہلے سے موجود ہے، اس ایپلی کیشن کے ذریعے شہری اپنے لگائے گئے پودے یا درخت کی نشوونما اور بڑھوتری دیکھ سکیں گے۔ انہوں نے پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن سے کہا کہ وہ ٹی وی چینلز کے ٹاک شوز میں خصوصی پروگراموں کا اہتمام کرے تاکہ عوام میں درخت لگانے کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کی جا سکے۔ تمام ٹی وی چینلز اپنے دفاتر میں ٹری پلانٹیشن مہم کا آغاز کریں، اگر ان کے پاس جگہ نہیں ہے تو ان کے لئے یہاں جگہ مختص کر دی جائے گی۔