اسلام آبادمیں ماڈل اکنامک زون قائم کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد ( عترت جعفری ) اسلام آباد میں ماڈل اکنامک زون قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اکنامک زون کی فزیبلٹی سٹڈی کی تیاری اور زمین کے حصول کے لیے 48 کروڑ 30 لاکھ روپے مختص کر دیے گئے‘ ذرائع نے بتایا ہے کہ اس سلسلے میں زمین کے حصول کے لیے اسلام آباد کے ارد گرد کے اضلاع کا جائزہ لیا جا رہا ہے‘ اسلام آباد ماڈل اکنامک زون سی پیک کے تحت قائم ہونے والے نو اکنامک زون میں سے ایک ہوگا، ذرائع نے بتایا کہ موٹروے کے نیٹ ورک کو بھی بڑھایا جائے گا اور تمام نو اکنامک زونز کو اس نیٹ ورک سے ملایا جائے گا، راولپنڈی کھاریاں موٹروے‘ حیدرآباد سکھر موٹروے‘ سیالکوٹ کھاریاں موٹروے شامل ہے ان کے لیے مالی وسائل کو مختص کیا گیا ہے‘ اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے صدر ناصر قریشی نے اکنامک زون کیحوالے سے کہا کہ اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن اور اسلام آباد چیمبر کی کاوش رنگ لا رہی ہے اور اکنامک زون کی طرف ایک ٹھوس پیشرفت کی گئی ہے‘ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن، اسلام آباد چیمبر زون کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور تعاون کریں گے‘ راولپنڈی اور اسلام آباد کے سرمایہ کاروں کو اس اکنامک زون میں سرمایہ کاری کا موقع ملے گا اور وہ یہ سمجھتے ہیں کہ یہ اکنامک زون افغانستان‘ چین‘ روس اور وسط ایشیا کے لیے برآمدات بڑھانے کا حب ثابت ہوگا۔