دسمبر تک پی ٹی آئی کی حکومت آجائے گی: اسد قیصر
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) اسد قیصر نے کہا اتحادیوں نوازشریف، شہبازشریف، آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے درمیان اختلافات ہیں، مجھے امید ہے دسمبر تک حالات ٹھیک ہو جائیں گے۔ ہم اپنی حکومت بنا سکیں، ہمیں اکثریت مل جائے گی۔ ہم عدم اعتماد کی طرف ضرور جائیں گے۔ ملک کی موجودہ صورتحال میں نئے الیکشن کی ضرورت ہے۔ مریم نواز نے باقاعدہ عدلیہ کو دھمکیاں دی ہیں۔ یہ قابل قبول نہیں۔ یہ مخصوص نشستوں سے متعلق بہانے ڈھونڈ رہے ہیں کہ ہمیں نہ ملیں۔ رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کہا ہے کہ جو صورتحال ہے اس میں مجھے ڈر ہے کہ حالات انارکی کی طرف نہ جائیں۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ پُرامن احتجاج کریں اور اپنا بیانیہ سامنے لائیں، ابھی احتجاجی مظاہرے اور جلسے بھی ہوں گے۔ اس حکومت کی پالیسی اور مہنگائی سے لوگ تنگ ہیں۔ ہم اپنا بیانیہ لوگوں تک پہنچا رہے ہیں۔ خواجہ آصف عمر کے جس حصے میں ہیں جہاں نفسیاتی مسائل آجاتے ہیں۔ ہمیں اطلاعات ہیں کہ بڑے بھائی اور چھوٹے بھائی کے درمیان اختلافات ہیں۔ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ زرداری اور بلاول میں بھی اختلافات ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں ملک کو جس طرح چلایا جا رہا ہے وہ ملک کے ساتھ سازش ہے۔ بھوک ہڑتالی کیمپ علامتی، پیغام پہنچ رہا ہے۔ اصل بھوک ہڑتال تب کریں گے جب بانی پی ٹی آئی کریں گے۔