کسی ہائیکورٹ کا فیصلہ دوسری پر لاگو نہیں ہوتا: چیف جسٹس
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے شوگر ملز کی فیڈرل ایکسائز ایکٹ کیخلاف اپیلوں کا تحریری فیصلہ جاری کر دیاہے۔ سپریم کورٹ نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف شوگر ملز کی اپیلیں منظور کر لیں ہیں۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جسٹس اطہر من اللہ کے تحریر کردہ فیصلے سے جزوی اختلاف کیا ہے اور اضافی نوٹ جاری کیا ہے۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ آرٹیکل201 کے تحت کسی ہائیکورٹ کا فیصلہ دوسری ہائیکورٹ پر لاگو نہیں ہوتا۔ اضافی نوٹ میں کہا گیا ہے کہ جسٹس اطہر من اللہ نے قرار دیا کہ ایک ہائیکورٹ کے فیصلے پر دیگر ہائیکورٹس عملدرآمد کی پابند ہیں۔ چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ پاکستان ایک وفاق ہے جس کے ہر صوبے کی ہائیکورٹ مکمل آزاد ہے، ایسا کوئی آئینی تقاضا نہیں کہ ایک ہائیکورٹ کا فیصلہ دوسری ہائیکورٹ پر بائنڈنگ ہو، قانون اور روایت کا تقاضا ہے کہ سماعت مکمل ہونے پر عدالت جلد کیس کا فیصلہ دے، شاہ تاج شوگر ملز کیس کی سماعت 6 دسمبر 2023 کو مکمل کی گئی، شوگر ملز کیس کا فیصلہ لکھنے کی ذمہ داری جسٹس اطہر من اللہ کو سونپی گئی، مناسب وقت پر فیصلہ سنانا انصاف کی فراہمی کا ناگزیر جزو ہے۔ یہ بات قابل افسوس ہوگی کہ سپریم کورٹ جلد فیصلہ سنانے کے اصول کا اطلاق خود پر نہ کرے، اکثر حوالہ دیا جاتا ہے کہ انصاف میں تاخیر نا انصافی ہے، حوالہ دیا جاتا ہے کہ تیز انصاف سب سے پیارا، انصاف میں تاخیر انصاف سے انکار کے مترادف ہے، ججز کو احتیاط اور وقت پر مقدمات کا فیصلہ کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔