• news

بلوچستان میں گورننس کا ستیاناس، ادارے تباہ کئے گئے: سرفراز بگٹی 

کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں گورننس کا ستیاناس کیا گیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گڈ گورنس کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سنبھالنے کے بعد بڑا چیلنج گورننس کا نظرآیا، وسائل کی زیادہ تعداد کرپشن کی نذر ہو جاتی ہے۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کو امن وامان، گورننس کے چیلنجز کا سامنا ہے، بلوچستان میں اداروں کو تباہ کیا گیا، ایم پی اے سے سنا ہے کہ میرا ڈی سی کیوں نہیں لگا، ہم نے اپنی گورننس کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ہمارا غیر ترقیاتی بجٹ تیزی سے اوپر جا رہا ہے، کچھ عرصہ بعد ہمارے پاس تنخواہوں کے پیسے نہیں ہوں گے، اس کے دو ذمہ دار ہیں، ایک سیاست دان اور دوسرا بیوروکریٹس، ہم نے ملکر بلوچستان میں اصلاحات کرنی ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے بیرک گولڈ کارپوریشن کے صدر و چیف ایگزیکٹو افسر مارک بیئرسٹو نے ملاقات کی۔ اعلامیہ کے مطابق صدر اور سی ای او بیرک گولڈ نے وزیراعلیٰ کو منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کوشاں  ہیں۔ غیر ملکی سرمایہ کاری کے منصوبوں کیلئے سکیورٹی کا جامع پلان تشکیل دے دیا۔ سرمایہ کاری منصوبوں سے بلوچستان، پاکستان کا روشن مستقبل وابستہ ہے، وفاق، صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ مارک بیرسٹو نے کہا کہ مشترکہ کاوشوں کے تحت عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن