• news

پاکستان کیلئے بیل آؤٹ پیکج پر آئی ایم ایف  اجلاس اگست میں بلائے جانے کا امکان  

اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کے لیے 7 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکیج کے معاملے پر آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس آئندہ ماہ اگست کے وسط میں بلائے جانے کا امکان ہے۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ 12 جولائی کو طے پایا تھا۔ وزارتِ خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف بورڈ اسٹاف لیول معاہدے کے 4 سے 6 ہفتوں بعد حتمی منظوری دے گا، تاہم بورڈاجلاس سے پہلے پاکستان کو ایکسٹرنل فنانسنگ کی یقین دہانی حاصل کرنا ہوگی۔ ذرائع کے مطابق ماحولیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات کے خطرات سے نمٹنے کے لیے فنڈنگ پر جلد بات چیت متوقع ہے۔ آئی ایم ایف نے کلائمٹ فنانسنگ کیلیے پاکستان کی مجوزہ درخواست پر غورکا عندیہ دیا ہے۔ ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی سے متعلق طویل مدتی ترجیحی منصوبوں کی نشاندہی کرناہوگی جب کہ آئی ایم ایف کا آر ایس ایف پروگرام سستی اور طویل مدتی فنانسنگ فراہم کرتا ہے۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق اس مقصد کے لیے دیگر عالمی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن