امریکہ کا شکریہ ادا کرنے آیا ہوں، اسرائیل آپ کا وفادار رہیگا: نیتن یاہو
واشنگٹن، تل ابیب (نیٹ نیوز + این این آئی) اسرائیل نے غزہ کے علاقے خان یونس سے 4 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں قبضے میں لینے کا دعوی کیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق ہلاک اسرائیلیوں میں دو فوجی بھی شامل ہیں، غزہ میں اب بھی 112 یرغمالی موجود ہیں۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں شیخ رضوان پر شیلنگ کی جس میں خواتین اور بچوں سمیت 4 فلسطینی شہید ہو گئے۔عرب میڈیا کے مطابق شیلنگ سے تباہ ہونے والی عمارت کے ملبے سے ایک بچے کو زندہ نکال لیا گیا۔دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے امریکی کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں غزہ جنگ میں اپنے اتحادیوں کی تعریفوں کے پْل باندھتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی عوام کی جانب سے میں آپ کا شکریہ ادا کرنے امریکا آیا ہوں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم کا امریکی کانگریس سے یہ چوتھی بار خطاب تھا جس سے آنجہانی برطانوی وزیر اعظم ونسٹن چرچل کا امریکی کانگریس سے سب سے زیادہ بار تقریر کرنے کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔تاہم اس تاریخی موقع پر اسرائیلی وزیراعظم کو غزہ میں جارحیت کے باعث شدید تنقید اور مظاہروں کا سامنا کرنا پڑا۔ نیویارک کے الیگزینڈریا اوکاسیو کارٹیز اور سابق اسپیکر نینسی پیلوسی نے تقریر سننے سے انکار کر دیا تھا۔اسی طرح کچھ ارکان خطاب کے دوران ہی اپنی ہی نشستیں چھوڑ کر ایوان سے باہر نکل گئے۔دوسری جانب نیتن یاہو کی تقریر کے دوران پارلیمنٹ کے باہر عوام کا جم غفیر جمع ہوگیا اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ پولیس نے 200 سے زائد مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔یہ مظاہرہ اتنا شدید تھا کہ نیتن یاہو اس احتجاج کا اپنی تقریر میں زکر کیے بغیر نہ رہ سکے۔ اسرائیلی وزیراعظم نے مظاہرین کو کہا کہ تم لوگ احمق ہو اور جان بوجھ کر ایران کا آلۂ کار بن رہے ہو۔امریکی ارکان اسمبلی کی تالیوں کی گونج میں نیتن یاہو نے غزہ پر سکیورٹی کنٹرول برقرار رکھنے کے اپنی جنگی عزائم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر حماس ہتھیار ڈال دیتی ہے تو غزہ کی جنگ ختم ہو جائے گی۔اسرائیلی وزیراعظم نے مزید کہا کہ میں آپ کو ایک چیز کا یقین دلانے آیا ہوں کہ ہم جیتیں گے۔ یرغمالیوں کی واپسی کی پرامن کوششیں کامیاب ہوں گی اور تب تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔اس موقع پر نیتن یاہو نے امریکا کو مخاطب کرتے ہوئے غزہ میں مشن کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے ہتھیاروں کی فوری فراہمی کا مطالبہ بھی کیا۔نیتن یاہو نے اس تاثت کو غلط قرار دیا کہ ہم غزہ میں بے گھر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہمیں غزہ کو فلسطینی سول انتظامیہ کے زیر انتظام کرنے میں کوئی اعتراض نہیں ہے۔ غزہ کا انتظام ایسے فلسطینیوں کے زیر انتظام ہونا چاہیے جو اسرائیل کو تباہ نہیں کرنا چاہتے۔