• news

تعلقات کو فروغ دینگے: پاکستان، چین

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب کی قیادت میں وفد نے چین کے وزیر خزانہ لین فون سے بیچنگ میں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر انرجی اویس احمد خان لغاری بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وزیر خزانہ نے پاک چین گہری دوستی کا ذکر کیا اور دونوں ملکوں کے درمیان خصوصی طور پر مالی اور بینکنگ سیکٹرز  اور سٹرٹیجک تعاون پر مبنی پارٹنرشپ کی اہمیت بیان کی۔ انہوں نے چین کی طرف سے  معاشی  اور مالی تعاون کو قابل قدر قرار دیا۔ وزیر خزانہ نے معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے ریونیو کو بڑھانے اور سرکاری تحویل کے کاروباری اداروں میں اصلاحات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ حال ہی میں معاہدے کو مکمل کیا گیا ہے، اور اصلاحات کے ایجنڈا پر عمل کے لیے اس کی بہت اہمیت ہے۔ وفاقی وزیر انرجی اویس احمد خان لغاری نے انرجی کے شعبہ میں اصلاحات کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے حکومت کے اس عزم کو دہرایا کہ انرجی سیکٹر کے تنظیمی اور آپریشنل چیلنجز پر قابو پایا جائے گا۔ چین کے وزیر خزانہ نے پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ان کے ملک کی طرف سے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ چینی وزیر خزانہ نے کہا کہ اعلی  اور معیاری ترقیاتی ایجنڈا پر عمل درآمد میں مدد کی جائے گی اور سٹرٹیجک پارٹنرشپ کے حوالے سے بھی تسلسل سے حمایت کی جائے گی۔ انہوں نے گزشتہ 30 سال کے عرصے میں سٹرٹیجک اصلاحات کے حوالے سے چین کے تجربات کے بارے میں بتایا  اور کہا اس کی پیروی کی  جا سکتی ہے۔ بعد ازاں پاکستانی وفد نے چائنا ایکسپورٹ اینڈ کریڈٹ انشورنس کارپوریشن کے سربراہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں اصلاحات کے ایجنڈے پر بات چیت ہوئی۔ وفد نے توقع ظاہر کی کہ چائنا ایکسپورٹ اینڈ کریڈٹ انشورنس کارپوریشن کی پیک کے مرحلہ پر عمل درآمد میں کردار کو سراہا اور توقع ظاہر کی سی پیک کے دوسرے مرحلے میں بھی نئے منصوبوں اور جاری منصوبوں کی تکمیل کے لیے مدد کو جاری رکھا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن