• news

معمار نوائے وقت مجید نظامی کی 10 ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی

لاہور (سپیشل کارسپانڈنٹ) آبروئے صحافت و معمارِ نوائے وقت، ملک کی نظریاتی سرحدوں کے پاسبان مجید نظامی کی دسویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ نوائے وقت دفاتر کی بلڈنگ کی مسجد میں قرآن خوانی اور نماز جمعہ کے بعد اجتماعی دعائیہ تقریب ہوئی۔ جس کے بعد نوائے وقت گروپ کے چیف آپریٹنگ افسر لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری کی سربراہی میں میانی صاحب قبرستان میں مجید نظامی کی آخری آرام گاہ پر فاتحہ خوانی و پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔ مرحوم کی مغفرت اور بلندی درجات کے لئے دعائیں کی گئیں۔ نوائے وقت کے ایڈیٹوریل انچارج سعید آسی، ڈائریکٹر مارکیٹنگ بلال محمود، مینجر ہیومین ریسورسز چودھری شفیق سلطان، ایڈیٹر پھول شعیب مرزا، ہیڈ آف اکاؤنٹس عماد صدیقی، سپیشل کارسپانڈنٹس فیصل ادریس و خاور عباس سندھو، بزنس مینجرز عثمان مسعود و عامر ادریس، منیجرز سرکولیشن نذیر عابد سندھو و صغیر امجد، محمد خالد، محمد عباس سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ مجید نظامی ایک عہد ساز شخصیت تھے ،26 جولائی 2014 کو ان کا وصال ہوا اور اس روز رمضان المبارک کی 27 ویں شب تھی۔ انہوں نے نظریہ پاکستان کے تحفظ کے لئے ساری زندگی وقف کئے رکھی۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اسلام اور مسلمانوں کی آزادی کی تحریک خصوصاً کشمیر اور فلسطین کے حوالے سے نوائے وقت کی اشاعتوں میں نمایاں اور روزانہ کی بنیاد پر جگہ دی جو آج بھی جاری ہے۔ انہوں نے قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے افکار کو ہمیشہ آگے بڑھایا اور نوجوان نسل کو دو قومی نظریہ سے آگاہی دی۔ چیف آپریٹنگ افسر کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری نے دسویں برسی کے موقع پر کہا کہ مجید نظامی کی خدمات قومی اثاثہ ہیں، ان کی ساری زندگی استحکام پاکستان اور نظریہ پاکستان کا تحفظ کرتے ہوئے گزری۔ مسئلہ کشمیر ہو یا فلسطین، جہاں بھی مسلمانوں پر ظلم و بربریت ہوا، مجید نظامی نے اس کے خلاف نوائے وقت سمیت ہر سطح پر آواز بلند کی۔ مجید نظامی کئی تحریکوں کے بانی ہیں۔ مجید نظامی کے بعد ان کی صاحبزادی رمیزہ مجید نظامی ان کے افکار اور ان کے مشن کو لے کر آگے بڑھ رہی ہیں، وہ مجید نظامی کی طرز صحافت کی علمبردار ہیں۔ علاوہ ازیں نوائے وقت اسلام آباد، ملتان، کراچی کے دفاتر میں بھی خصوصی دعائیں کی گئیں اور مجید نظامی کی روح کو ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن