• news

خیبر پی کے میں آپریشن نہیں ہونے دینگے، جو اصلاح نہیں کریگا سزا کیلئے تیار رہے: گنڈا پور

بنوں (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ امریکی ایجنڈے اور پالیسیوں پر عمل کر کے ہمارے خلاف آپریشن کیا گیا جس کا فائدہ نہیں نقصان ہوا۔ ملک کیلئے خون دیں گے مگر اپنے فیصلے خود کریں گے۔ میں بحیثیت وزیر اعلیٰ خیبر پی کے اعلان کرتا ہوں کہ اس صوبے میں آپریشن نہیں ہونے دیں گے۔ بنوں امن مارچ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبرپی کے کی صدیوں پر محیط تاریخ ہے اور پاکستان کو آزاد کرانے میں خیبر پی کے اور پشتون نے اہم کردار ادا کیا ہے اور کشمیر کو آزاد کرانے میں بھی خیبر پی کے نے اہم کردار ادا کیا ہے اور قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ 1965 کی جنگ میں اسلحہ و بارود پختونخوا کے قبائل اور عوام نے اپنی فوج کو دیا ہے، ہم نے تن من دھن کے ساتھ اپنے ملک، عوام، قوم سے وفاداری کی لیکن امریکی ایجنڈے اور پالیسیوں پر عمل کر کے ہمارے خلاف آپریشن کیا گیا، ان آپریشنوں سے کوئی فائدہ نہیں ہوا بلکہ نقصان ہوا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ بنوں جرگے کے تمام 16 مطالبات منظور کیے گئے، میرے پاس دستخط شدہ دستاویز موجود ہے لیکن ہمارے اندر اور باہر ایسے عناصر موجود ہیں جو ہر بات کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ سمجھ رہے ہیں کہ ہم آپریشن والی کارروائی کریں گے لیکن سارے خیبر پی کے کے عوام سن لیں کہ مدرسے کے بچے ہمارے دلوں کے بہت قریب ہیں کیونکہ جو تعلیم وہ حاصل کر رہے ہیں وہ ہمارے دین کی تعلیم ہے، ہم نے بجٹ میں بھی مدرسوں کے لیے پیسہ رکھا ہے۔ میں نے پہلے دن کہا تھا اپنی اصلاح کر لو، جو اصلاح نہیں کرے گا وہ سزا کے لیے تیار رہے، کوئی بھی، کسی بھی نام یا کسی ادارے کے نام سے بھی کوئی مسلح گروہ یا مسلح شخص خیبر پی کے میں نظر نہ آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو کارروائی کرنے پر سلام پیش کرتے ہوئے دوبارہ احکامات جاری کرتا ہوں کہ کارروائی جاری رکھیں، میں آپ کے ساتھ ہوں، عوام آپ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپی کے کے عوام کی عزت میری عزت ہے اور کسی پر ناجائز ہاتھ ڈالنے سے پہلے ہر کوئی سوچ لے کہ وہ اس پر نہیں بلکہ صوبے کے وزیر اعلیٰ پر ہاتھ ڈال رہا ہے۔ آپ میری ٹیم ہو، کرپشن کے خلاف لڑو، کرپشن مت چھوڑو، میں آپ کو اختیار دیتا ہوں، منشیات مت چھوڑو، منشیات فروش کو مت چھوڑو، میں آپ کے ساتھ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کسی انفرادی پالیسی یا رویے سے اختلاف ہو سکتا ہے لیکن جب شہید کے خلاف کوئی غلط بات کی جاتی ہے تو مجھے درد ہوتا ہے۔ ہمیں یہ نہیں ہونے دینا۔ رہنما پی ٹی آئی شیر افضل مروت نے بنوں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنی دھرتی پر امن خود لا سکتے ہیں۔ ہم کسی کو اپنے اوپر ظلم نہیں کرنے دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن