• news

غزہ پر چپ نہیں رہیں گے: کملا ہیرس، یاہو کی ملاقات

واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) نائب امریکی صدر کاملہ ہیرس نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو صاف صاف بتا دیا غزہ کی صورتحال پر چپ نہیں رہیں گے۔ جنگ بندی معاہدے کا وقت آ گیا ہے۔ نیتن یاہو سے ملاقات میں غزہ میں اموات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ قبل ازیں اسرائیلی وزیراعظم نے امریکی صدر جوبائیڈن سے ملاقات کی۔ اس موقع پر نیتن یاہو نے کہا کہ صدر بائیڈن کی اسرائیل کے لئے 50 سالہ حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ 5 نومبر کو ہونے والے انتخابات میں ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار کے طور پر صدر جوبائیڈن کے جانشین کے طور پر کاملا ہیرس کی ابھرتی ہوئی مقبولیت نے صدارتی دوڑ کو ہلا کر رکھ دیا۔ ہیوسٹن میں امریکی فیڈریشن آف ٹیچرز سے خطاب کرتے ہوئے 59 سالہ کملا ہیرس نے معاشی پالیسی اور کارکنوں کے حقوق پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے صحافت کی سہولیات اور بچوں کی دیکھ بھال کے منصوبوں پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ ہماری لڑائی مستقبل کے لئے ہے‘ ہم اپنی سب سے بنیادی آزادیوں کے لئے لڑ رہے ہیں۔ آنسر دی کال (answer the call) کے منتظمین نے بتایا کہ ایک لاکھ سے زیادہ سفید فام خواتین نے کاملا ہیرس کے لئے رقم اکٹھی کرنے اور حکمت عملی پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے زوم کال کے ذریعے شمولیت اختیار کی‘ اسی طرح سیاہ فام خواتین‘ سیاہ فام مردوں اور لاطینیوں نے بھی اسی طرح کی کالی کی۔ ہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ تقریباً برابری کی بنیاد پر اپنا مقابلہ شروع کر رہے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ بارک اوباما نے کملا ہیرس کی بطور ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار نامزدگی کی توثیق کر دی۔ سابق امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ وہ اور ان کی اہلیہ مشعل اوباما سمجھتے ہیں کہ ہماری مشترکہ دوست کملا ہیرس ایک بہترین امریکی صدر ہوں گی۔ رواں ہفتے کے آغاز پر ہم نے کملا ہیرس سے ملاقات کی اور انہیں اپنی مکمل سپورٹ کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اس اہم ترین وقت میں ہم انہیں جتوانے کے لئے جو کر سکتے ہیں وہ کریں گے۔امریکہ میں ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے نامزد صدارتی امیدوار کملا ہیرس نے زوم پر نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔امریکی ٹی وی کے مطابق آن لائن ویڈیو کال ایپ زوم پر امریکی نائب صدر کملا ہیرس کی جانب سے فنڈ ریزنگ مہم شروع کی گئی تھی۔اس فنڈ ریزنگ مہم میں 2 ملین ڈالرز سے زائد جو کہ پاکستانی 5 ارب 56 کروڑ روپے سے زائد کی رقم بنتی ہے، جمع کی گئی ہے۔دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ یہ ویڈیو زوم کال 90 منٹ تک چلی تھی، جس میں 1 لاکھ 64 ہزار سے زائد سپورٹرز اور زوم صارفین نے حصہ لیا۔زوم فنڈ ریزنگ تقریب کا نام وائٹ وومن، آنسر دی کال رکھا گیا تھا، جس میں معروف امریکی سیلیبرٹیز کی جانب سے بھی شرکت کی گئی تھی۔ اگرچہ اس زوم کال میں کئی تکنیکی مسائل بھی سامنے آئے، تاہم حل کرلیے گئے۔اس زوم ایونٹ میں ملک بھر کی خضواتین کو لائیو اسٹریم چیٹ جوائن کرنے کی درخواست کی جا رہی تھی جبکہ اسے کملا ہیرس کی صدارتی الیکشن مہم کا اہم حصہ تصور کیا جا رہا ہے۔ایک ایسی ہی خاتون ایرن، جنہوں نے اس زوم میں ایونٹ میں شرکت کی، بتاتی ہیں کہ ہم مزاق نہیں کر رہے ہیں مگر ہم نے زوم کو توڑ کر رکھ دیا ہے۔ یہ کمپنی کی تاریخ کی سب سے بڑی زووم کام تھی۔ لوگ ہر منٹ میں 20 ہزار ڈالر عطیہ کر رہے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن