• news

چیف جسٹس سے بار کونسلز کمیٹی کی ملاقات، زیر التوا مقدمات پر اظہار تشویش

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت +نوائے وقت رپورٹ) چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے بین الصوبائی بار کونسلوں کی ذیلی کمیٹی نے زیر التوا مقدمات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری نمٹانے کے لیے حکمت عملی وضع کرنے کی درخواست کی ہے اور عدلیہ کی مضبوطی اور قانون کی حکمرانی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اسلام آباد بار کونسل کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بین الصوبائی بار کونسلوں کی ذیلی کمیٹی نے چیف جسٹس سے ملاقات کی، وکلاء کمیٹی میں وائس چیئرمین اسلام آباد بار عادل عزیز قاضی،  رکن خیبر پی کے فاروق خٹک اور وائس چیئرمین بلوچستان بار کونسل قاسم علی گجیزئی، ممبر سندھ بار کونسل عبدالرزاق اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل پیر عمران اکرم بودلہ شامل تھے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ کمیٹی نے جوڈیشل کمشن قوانین کی زیر التوا منظوری پر تشویش کا اظہار کیا اور میٹنگ شیڈول نہ ہونے کی وجہ سے تاخیر کو اجاگر کیا۔ چیف جسٹس سے ملاقات میں بار کے رہنماؤں نے خصوصاً فوجداری مقدمات کے نظام انصاف میں زیر التوا ہونے پر تشویش کا اظہار کیا اور چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے ان مقدمات کو جلد نمٹانے کی حکمت عملی وضع کرنے کی درخواست کی۔ وکلاء رہنماؤں نے فوجداری مقدمات کے لیے ایڈہاک ججوں کی تقرری پر چیف جسٹس کا شکریہ ادا کیا اور رسائی اور کارکردگی بڑھانے کے لیے ملک بھر کی سپریم کورٹ رجسٹریاں فعال کرنے کی تجویز دی۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ عدلیہ میں احتساب اور شفافیت کے لیے ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ ججوں کا جائزہ ان کے فیصلہ شدہ مقدمات سے کرنے کی تجویز دی گئی اور اس موقع پر کہا گیا کہ تمام بار کونسلز نظام عدل کی مضبوطی اور قانون کی حکمرانی کے لیے عدلیہ کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن