پیرس: افتتاحی تقریب میں اسرائیلی دستے کے آتے ہی فلسطین کے نعرے
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں جیسے اسرائیل کا دستہ منظرعام پر آیا تو لوگوں نے فلسطین، فسلطین کے نعرے بلند کردیئے۔ تقریب تاریخی دریائے سین میں منعقد کی گئی جہاں 6 کلومیٹر پر محیط انتظامات میں تمام ملکوں کے دستے ایک، ایک کر کے کشتیوں پر گزرتے رہے۔ اسرائیل کے دستے کے سامنے آتے ہی شائقین نے ’فلسطین، فلسطین‘ کے نعرے لگا دیئے اور اسرائیل کے دستے کے جانے تک وہاں یہ نعرے گونجتے رہے۔اس سے قبل جب فلسطین کے دستے پر مشتمل ٹیم منظرعام پر آئی تو شائقین کی جانب سے ان کا والہانہ استقبال کرتے ہوئے بے پناہ نعرے بازی کی گئی۔فلسطینی دستے میں موجود مرد و خواتین اتھلیٹس نے فلسطینی رومال لپیٹے ہوئے تھے۔ پیرس اولمپکس 2024 ء کی افتتاحی تقریب مذاق بن گئی۔ اولمپکس کا جھندا الٹا لہرانے کیساتھ ساتھ جنوبی کوریا کو بطور شمالی کوریا متعارف کروا دیا گیا۔ جنوبی کوریا کی ٹیم کشتی میں اپنا پرچم لہراتے ہوئے داخل ہوئی تو اناونسر نے فرانسیسی اور انگریزی، دونوں زبانوں میں جنوبی کوریا جمہوریہ کوریا کو ڈیموکریٹک عوامی جمہوریہ کوریا یعنی شمالی کوریا کے سرکاری نام کے طور پر متعارف کرایا۔ جنوبی کوریا سے قبل جب شمالی کوریا کی ٹیم کشتی پر سوار ہوکر اپنا پرچم تھامے مرکزی تقریب میں آئی تھی تب بھی یہ ہی نام صحیح طریقے سے اناونس کیا گیا۔ جنوبی کوریا کی وزارت کھیل نے اس اقدام کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ فرانسیسی حکومت کو باضابطہ شکایت درج کروانے کے بارے میں غور کر رہے ہیں۔تاہم اولمپک منتظمین نے اس غلطی پر پہلے ہی معذرت کرلی۔ انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے کہا کہ افتتاحی تقریب میں براڈکاسٹنگ کے دوران غلطی ہوئی تھی اور ہم اس پر معافی مانگتے ہیں۔ افتتاحی تقریب میں اولمپکس کا جھنڈا الٹا لہرا دیا گیا۔ فرانس کے ریپبلیکن گارڈ کے افسروں نے پانچ رنگوں کے دائروں والا اولمپکس کا جھنڈا الٹا بلند کیا۔ درست ترتیب میں جھنڈے کے بالائی حصے میں نیلے، سیاہ اور سرخ رنگ کے تین دائرے ہوتے ہیں جبکہ نیچے سبز اور پیلے دائرے ہوتے ہیں۔پیرس اولمپکس شوٹنگ مقابلوں میں پاکستان کے گلفام جوزف اور کشمالہ طلعت 10 میٹر ائیر پسٹل مقابلوں کے فائنل راؤنڈ میں جگہ نہ بناسکے۔ مردوں کی 10 میٹر ائیر پسٹل شوٹنگ میں گلفام جوزف33 میں سے 22 ویں نمبر پر رہے۔ ان کا مجموعی سکور 571 رہا۔ خواتین کی 10 میٹر ائیر پسٹل میں کشمالہ طلعت نے 6 سیریز میں مجموعی طور پر 567 پوائنٹس حاصل کیے۔ مجموعی طور پر وہ 31 ویں نمبر پر رہیں۔کشمالہ اور گلفام جوزف 29 جولائی کو مکسڈ ٹیم ، کشمالہ طلعت خواتین کی 25 میٹر پسٹل مقابلوں میں بھی شریک ہونگی۔