وسطی کرم‘ چوکی پر حملہ‘ ایف سی اہلکار شہید: ٹانک آپریشن میں 4 دہشتگرد ہلاک
وسطی کرم‘ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + اپنے سٹاف رپورٹر سے) وسطی کرم میں نامعلوم افراد نے پولیس سٹیشن پر حملہ کر دیا۔ پولیس کے مطابق حملے میں ایف سی اہلکار شہید ہو گیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 5 اہلکار زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ تحقیقات جاری ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ٹانک میں انٹیلی جنس بنیاد پر دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ چار خارجی دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔ ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ علاقے میں مزید کسی خارجی دہشت گرد کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ضلع کرم میں دہشتگردوں کے تھانے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں شہید ایف سی اہلکار احسان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ محسن نقوی نے شہید اہلکار کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیر داخلہ نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔ محسن نقوی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہید ایف سی اہلکار کی قربانی رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔