• news

غزہ: سکول پر اسرائیلی بمباری، 30 بچے شہید: حزب اللہ کا راکٹ حملہ، 10 یہودی ہلاک

غزہ‘ تل ابیب‘ واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اﷲ کے مقبوضہ گولان میں اسرائیلی تنصیبات پر راکٹ حملے میں 10 اسرائیلی ہلاک ہو گئے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق گاؤں مجدل شمس پر 40 میزائل فائر کیے گئے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق میزائل گرنے کے وقت یہودی آباد کار میونسپلٹی عمارت کے باہر جمع تھے جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہوگئے جن میں بچے بھی شامل ہیں جبکہ 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ اسرائیلی میڈیا نے بتایاکہ زخمیوں میں سے 17 کی حالت تشویشناک ہے جنہیں ہسپتال میں طبی امداد  دی جا رہی ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیر خارجہ یسرائیل کاٹز نے حزب اللہ کو سخت ردعمل کی دھمکی دی۔ حزب اﷲ ترجمان کے مطابق جنوبی لبنان میں اسرائیلی بمباری سے 4 جنگجو مارے گئے۔ خان یونس‘ غزہ میں صیہونی حملوں میں 47 فلسطینی شہید ہو گئے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق 4 روز میں ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد فلسطینی بے گھر ہوئے ہیں۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے اردن کے شاہ عبداﷲ کے ساتھ فون پر بات کرتے جنگ بندی کیلئے دباؤ کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ غزہ میں دیر البلاح کے مرکزی قصبے کو نشانہ بنایا گیا۔ 103 فلسطینی زخمی‘ شہداء میں 15 بچے‘ 8 خواتین شامل ہیں۔ غزہ کے ہسپتالوں میں رضاکارانہ خدمات انجام دینے والے امریکی ڈاکٹروں اور نرسوں نے وائٹ ہاؤس کو خط لکھ کر  غزہ میں فوری جنگ بندی اور اسلحے کی فراہمی  پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق 45 امریکی ڈاکٹرز اور نرسوں کے گروپ نے صدر جوبائیڈن اور نائب صدرکملا ہیرس کو خط لکھا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ہم نے غزہ میں جو دیکھا اس پر ہم خاموش نہیں رہ سکتے۔ غزہ میں بچوں کو جان بوجھ کر زخمی کیا گیا، ہم میں سے ہر ایک نے روز ایسے بچوں کا علاج کیا جنہیں سر اور سینے میں گولی ماری گئی۔ دستخط کنندگان کے خط میں کہا گیا ہے کہ چاہتے ہیں آپ وہ ڈراؤنے خواب دیکھیں جو ہمیں واپس آنے کے بعد پریشان کر رہے ہیں۔ خواب میں زخمی بچوں کی بے قرار مائیں ہم سے ان کی جان بچانے کی منت کرتی ہیں۔ آپ وہ چیخیں سن سکیں جو ہمارا ضمیر ہمیں بھولنے نہیں دیتا۔ غزہ کے سکول پر اسرائیلی بمباری میں 30 بچے شہید ہو گئے۔

ای پیپر-دی نیشن