9 مئی کا ماسٹر مائنڈبہروپیا پاؤں پکڑ رہا، معافی نہیں ملے گی: عظمیٰ بخاری
لاہور( نوائے وقت رپورٹ) صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ دو سال سے جو بہروپیا کہہ رہا تھا میں قوم کی جنگ لڑ رہا ہوں آج وہ پاؤں پکڑ رہا ہے۔ فوجی تنصیبات پر حملے کروا کر، شہدا کے مجسمے جلا کر اپنے وقت کا فرعون معافیاں مانگ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محبت کی پینگیں بڑھانا اور معافی کے پیغامات کو عمران خان کی زبان میں این آر او کہتے ہیں۔ کل تک نیوٹرل ہونا جانور اور گالی تھا، آج اْنہیں دوبارہ نیوٹرل ہونے کا کہہ رہا ہے۔ جس نے آج تک 9 مئی کے حملوں کی مذمت نہیں کی وہ جیل سے نکلنے کے لیے پینترے بدل رہا ہے۔ درجن بھر ناکام تحریکیں، فلاپ بیانیے اور روزانہ کے کٹھ پتلی شو کے بعد سرنڈر کرنا ہی بنتا تھا۔ کچھ دانشوروں کو بھی معلوم ہو گیا ہی کہ یہ جیل سے نکلنے کے لیے ہاتھ پاؤں مار رہا تھا۔ 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ اور اس کے سہولت کاروں کو کوئی معافی نہیں ملنی چاہیے۔ پاکستان کے عوام منتظر ہیں ، 9 مئی کے حملوں میں ملوث نامزد ملزمان کو عدالتی نظام کب کیفر کردار تک پہنچاتا ہے۔ شہداء کے مجسمے جلانے والے اور ان کا تمسخر اڑانے والے کسی رحم اور معافی کے مستحق نہیں ہیں۔