• news

عالمی نظام تبدیلی کی طرف، پاکستان، چین، انڈونیشیا، بھارت بڑی طاقتیں ہونگی: وزیراعظم ہنگری

بخارسٹ (انٹرنیشنل ڈیسک) یورپی ملک ہنگری کے وزیراعظم وکٹر اوربن نے پیش گوئی کی ہے کہ مستقبل میں پاکستان عالمی طاقتوں میں شامل ہو گا۔ رومانیہ میں تقریب میں شرکت کی اور خطاب کرتے کہا کہ عالمی نظام تبدیلی کی طرف جا رہا ہے اور عالمی نظام میں تبدیلی ایشیا سے شروع ہونے والا عمل ہے۔ مستقبل میں عالمی طاقت مغرب سے مشرق اور روس کی طرف منتقل ہو جائے گی۔ اگلی کئی دہائیوں شاید صدیوں میں ایشیا دنیا کا غالب مرکز ہو گا اور چین، بھارت، پاکستان اور انڈونیشیا دنیا کی بڑی عالمی طاقتیں ہوں گی۔ سابق عالمی نظام کی تبدیلی بھی 500 برسوں پر محیط رہی ہے۔ مغرب کی توقعات کے برعکس اب ہرکوئی روس کی حمایت کر رہا ہے۔ چین، شمالی کوریا کے ساتھ اب ایران اور بھارت کے بھی روس سے اچھے تعلقات ہیں۔ نیٹو کا رکن ہونے کے باوجود ترکیہ بھی روس کے ساتھ ہے، مسلم دنیا بھی اب روس کو دشمن کے بجائے اتحادی سمجھتی ہے۔ آج دنیا کا بڑا مسئلہ مغرب کی کمزوری اور ٹوٹ پھوٹ ہے جو مغربی میڈیا نہیں بتاتا، مغربی میڈیا کا دنیا کا بڑا خطرہ روس اور اس سے لاحق خطرات کو قرار دینا غلطی ہے۔ روس کی قیادت اپنے ملک کے مفاد میں منطقی لحاظ سے چلتی ہے۔ مغرب کا رویہ حقیقی اور حالات کو سنبھالنے والا نہیں ہے، اب وقت امن کی سیاست کا ہے، یوکرائینیوں کو بھی یہ بات سمجھ آگئی ہے، یورپ کو بھی اب ہوش سے کام لینے کی ضروت ہے۔ اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔ ہنگری کے وزیراعظم نے زور دیا کہ یورپ نے امریکہ میں ٹرمپ کے آنے سے پہلے امن پالیسی نہ اپنائی توبعد میں ساری ذمہ داری یورپ پر ہی ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن