• news

عرضیاں دینے والے عمران بہادر بنیں‘ پورا سچ بھی اگل دیں: عرفان صدیقی

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) سینٹ میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے حضور عرضیاں گزارنے والے عمران خان بہادر بنیں۔ اعصاب جواب دے گئے ہیں تو پورا سچ بھی اگل دیں۔ سوشل میڈیا پر بیان میں انہوں نے بانی پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’کہہ ڈالیں کہ ہاں پی ٹی آئی کو فوج سے میں نے لڑایا، جنرل عاصم منیر کی تقرری روکنے کے لئے پنڈی پر یلغار میں نے کی، کبھی خود کبھی بیگم پر قاتلانہ حملوں کے الزامات میں نے لگائے، 9 مئی کو عاصم منیر کا تختہ الٹنے کے لئے فوج میں بغاوت کی سازش میں نے کی، دو سو سے زیادہ فوجی تنصیبات اور شہداء کی یادگاروں پر حملے میں نے کرائے، فضائیہ کے طیارے میں نے جلائے، ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداء کا مضحکہ میں نے اڑایا، سوشل میڈیا سے عاصم منیر اور فوج کو گالیاں میں نے دلوائیں اور دلوا رہا ہوں، بیرون ملک اپنی فوج اور چیف کے خلاف بسوں پر اشتہاری مہم میں نے چلوائی، عاصم منیر کو اس عہد کا یحیٰ خان باور کرانے والی وڈیو میں نے بنوائی، جیل میں بیٹھ کر فوج اور چیف کے خلاف مضمون میں لکھ رہا ہوں۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاکہ الزام دوسروں کے سر تھوپنے کے بجائے مردانگی کا مظاہرہ کریں۔ عرفان صدیقی نے ٹویٹ کے آخر میں شاعر ظفر اقبال کے مشہور زمانہ شعر ’’ جھوٹ بولا ہے تو قائم بھی رہو اس پر ظفر، آدمی کو صاحب کردار ہونا چاہیے ‘‘ کو ترمیم کے ساتھ شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’مان لو تم نے ہی یہ سب کچھ کیا عمران خاں، آدمی کو صاحب کردار ہونا چاہئیے۔‘‘

ای پیپر-دی نیشن