اداروں سے درخواست نیوٹرل ہو جائیں، حکمران جس چیز پر ہاتھ ڈالتے تباہ ہو جاتی: علی امین گنڈاپور
مردان +پشاور (بیورو رپورٹ+ آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پی کے سردارعلی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ اداروں سے درخواست ہے نیوٹرل ہو جائیں، لوگ سمجھ رہے ہیں کہ حکومت کو لانے والے آپ ہیں، ہمیں تبدیلی اور اصلاح کا عمل اپنے آپ سے شروع کرنا چاہیے، اگر ہم ایسا نہیں کرتے تو معاملات کو جلد کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکیں گے، صوبے کی تمام ضروریات کو پورا کریں گے، وفاقی حکومت سے پیسہ نکلوا کر رہوں گا، انہوں نے دعویٰ کیا کہ دہشت گرد بہت اضلاع سے نکل کر محدود ہوگئے ہیں، غریب طبقے کے معاشی مسائل بہت زیادہ ہیں، میری خاص طور پر ٹریفک پولیس سے درخواست ہوگی کہ غریب کا چالان نہ کریں، امیر کا زیادہ چالان کریں تاکہ غریب کا چالان ہی نہ کرنا پڑے۔ مردان میں نئے پولیس لائن کے قیام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ محکمہ پولیس میں ہمارے اپنے بھائی ہیں، ہمارا ایک کلچر ہے کہ پیار سے مانگنے پر جان بھی دینے کو تیار ہو جاتے ہیں اور اگر ضد پر آجائیں تو پھر ٹھیک چیز کو بھی ماننے سے انکار کر دیتے ہیں۔ پولیس حکام عوام سے اچھا رویہ برتیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پولیس افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مالی مشکلات کے باوجود پولیس کی ضروریات پوری کریں گے۔ دہشت گردی کے باوجود پولیس کے جوان بہترین کام کر رہے ہیں، شہداء کے پیکیج کے حوالے سے معاملات اسمبلی میں پیش کریں گے۔ پولیو ورکرز، پولیس، اساتذہ، شہداء کے لواحقین کو پلاٹ دیں گے۔ ہم ایک لاکھ لوگوں کو سولر سسٹم فراہم کر رہے ہیں، 50 ہزار افراد کو فری سولر سسٹم دیں گے، بجلی کے معاملے پر امیروں پر ہاتھ ڈالنا چاہتے ہیں، ہمارے600 پراجیکٹ ہیں جو ہم دسمبر کے آخر تک مکمل کرنے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین نے کہا ہے کہ حکومت صوبے میں قیام امن کے لیے درکار تمام وسائل فراہم کرے گی۔ مردان میں نئی پولیس لائن کے قیام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ شہدائے پولیس کے قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ہمارے معاشی حالات جیسے بھی ہوں، پولیس کی ضروریات کو پورا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے پولیس سمیت دیگر شہداء کو تمام سہولیات ایک کارڈ کے ذریعے میسر ہوں گی۔ پولیس کو بھی چاہیے کہ وہ جہاں بھی تعینات ہو لوگوں کے ساتھ اچھا رویہ اختیار کرے۔ امیر غریب کا فرق ختم کرنا چاہیے۔ مجھے خوشی ہوگی کہ قانون توڑنے والے کسی امیر کا بھی چالان کیا جائے گا کیوں کہ ٹریفک قوانین سب کے لیے برابر ہونے چاہییں۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ اداروں سے درخواست ہے نیوٹرل ہو جائیں لوگ سمجھ رہے ہیں کہ ان کو حکومت میں لانے والے آپ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تبدیلی اور اصلاح کا عمل اپنے آپ سے شروع کرنا چاہئے اگر ہم ایسا نہیں کرتے تو معاملات کو حل کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس حکام عوام سے اچھا رویہ برتیں۔ دہشت گردی کے خلاف پولیس افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مالی مشکلات کے باوجود پولیس کی ضروریات پوری کریں گے۔ علی امین نے وفاقی حکومت پر طنز کیا کہ یہ لوگ جس چیز میں ہاتھ ڈالتے ہیں وہ تباہ ہو جاتی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ خیبر پی کے نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادارے ان سے اپنے آپ کو لاتعلق کریں ورنہ ان کے خلاف مزید نفرتیں پھیلیں گی۔ علی امین کا کہنا تھا کہ بجلی کے معاملے میں امیروں پر ہاتھ ڈالا جائے۔ غریب کتنی بجلی چوری کر لے گا۔ کے پی کا بجٹ ٹیکس فری اور فلاحی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں تمام اداروں کی موجودگی میں چیزیں منظور ہوئی ہیں، اندر کچھ، باہر کچھ یہ ان کا کردار ہے ہم نے کبھی ایسا نہیں کیا۔ علی امین نے کہاکہ ہم نے آئین کی پاسداری کی ہے۔ آئین توڑنے والے یہ لوگ ہیں دہشت گردی روزگار اور معاشی حالات میں تباہی کا موازنہ کر لیں۔ ان کا کہا تھا کہ پاکستان کے خزانے میں کتنا پیسہ تھا یہ سب ریکارڈ میں ہے یہ نااہل ہیں، یہ نکمے ہیں، یہ پنوتی اعظم ہیں جس چیز میں ہاتھ ڈالتے ہیں وہ تباہ ہو جاتی ہے۔