• news

پاکستان سنجیدگی دکھائے تو سٹیل ملز کی بحالی کیلئے مدد کو تیار ہیں: روس

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) روس نے سٹیل مل کی بحالی کیلئے مدد کی پیش کش کر دی۔ کراچی کونسل آن فارن ریلیشن کی پاک روس تعلقات پرتقریب ہوئی جس میں روسی قونصل جنرل وکٹرووچ شریک ہوئے اور گفتگو کی۔ روسی قونصل جنرل کا کہنا تھاکہ روس نے ہمیشہ جنوبی ایشیا میں امن کو فروغ دیا ہے۔ پاکستان سٹیل مل کا قیام دونوں ممالک کے تعاون کی مثال ہے، سٹیل مل ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں قائم ہوئی۔ پاکستان پہلا ملک ہے جس کے ساتھ روس نے ڈپلومیٹک ویزا پر تعاون کیا۔ گزشتہ تین برسوں میں پاکستان میں تین مختلف حکومتیں رہیں لیکن پاکستان کے ساتھ سفارتی تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور روس کے سربراہوں میں متعدد شعبوں پر بات ہوئی تھی، ہمارے سربراہان پاکستان کو فوڈ سکیورٹی میں تعاون کیلئے بھی پیش پیش رہے ہیں۔ پاکستان اور روس کے درمیان حال ہی میں متعدد پروجیکٹس پر کام شروع ہوا ہے، دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات میں بہت چیزیں مماثلت رکھتی ہیں۔ روسی قونصل جنرل نے پیشکش کی کہ سٹیل مل کی بحالی کیلئے مدد کرنے کو تیار ہیں۔ حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے سنجیدگی کی ضرورت ہے۔ پاکستان اور روس کے درمیان مختلف شعبوں میں اچھی پیش رفت ہوئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن