• news

چینی کمپنی کے عہدیدار کی ملاقات، ڈیجیٹل گروتھ کیلئے سٹرٹیجک تعاون پر تبادلہ خیال

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے ہواوے کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر یو شائوننگ نے ملاقات کی، جس میں پنجاب کی ڈیجیٹل گروتھ کے لیے سٹریٹجک تعاون پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ ڈیجیٹلائزیشن میں ہواوے کی تکنیکی مہارت سے فائدہ اٹھانے کے لئے تجاویز اور سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں نواز شریف سمارٹ سٹی سمیت ممکنہ شعبوں میں تعاون پر گفتگو ہوئی۔ ڈیجیٹل معیشت میں سرمایہ کاری کیلئے مختلف آپشنز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے گورننس، عوامی خدمات اور معاشی ترقی کے لیے جدید ٹیکنالوجیزسے استفادہ کرنے کے عزم کا اظہارکیا۔ مریم نواز نے کہاکہ ہمارا وژن پنجاب کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی ہب میں تبدیل کرنا ہے۔ ہواوے ڈپٹی چیف نے پنجاب کے تکنیکی اقدامات میں تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعلی نے تکنیکی اختراعات اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ علاوہ ازیں مریم نواز نے نشان حیدر کا پہلا اعزاز پانے والے کیپٹن محمد سرور شہید کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ ن کہاکہ کیپٹن محمد سرور شہید پاک وطن کے دفاع کیلئے جان دے کر تاریخ میں امر ہو گئے۔ قوم کو کیپٹن محمد سرور شہید پر فخر ہے، کبھی نہیں بھولیں گے۔ وطن پر اپنی جان نچھاور کرنے والے شہداء دلوں میں زندہ ہیں اور زندہ رہیں گے۔ دفاع وطن کے لئے بہادری اور جرات کا مظاہرہ کرنے والے شہداء کو قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔

ای پیپر-دی نیشن