9 مئی واقعات: خیبر پی کے حکومت نے جوڈیشل انکوائری کیلئے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کو خط لکھ دیا
پشاور (بیورو رپورٹ) خیبر پی کے حکومت کی جانب سے 9 مئی کے واقعات کی جوڈیشل انکوائری کے لیے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ اشتیاق ابراہیم کو خط لکھ دیا گیا۔ وزیر قانون خیبر پی کے آفتاب عالم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9 مئی واقعات سے متعلق جوڈیشل کمشن کے قیام سے متعلق چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم کو خط لکھا ہے، خط صوبائی حکومت کے اسٹیبلشمنٹ اور ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ارسال کیا گیا۔ آفتاب عالم نے مزید بتایا کہ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اب کمیشن کے لیے ناموں کا اعلان کریں گے اور جوڈیشل کمیشن کے سربراہ پشاور ہائیکورٹ کے جج ہوں گے، خط میں 9 مئی کے واقعات سے متعلق جوڈیشل کمشن کے قیام کی استدعا کی گئی ہے۔ کے پی کے حکومت کا 9 مئی واقعات کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمشن کے قیام کا فیصلہ خیبر پی کے کابینہ نے 9 مئی واقعات کی جوڈیشل انکوائری کی منظوری دی تھی اور کہا تھا کہ 9 مئی واقعات میں ملوث اصل کرداروں کو سامنے لائیں گے۔ صوبائی حکومت میں آتے ہی پی ٹی آئی نے یہ مؤقف اپنایا تھا کہ وہ 9 مئی واقعات کی جوڈیشل انکوائری کرائے گی اور اس سلسلے میں چند دن قبل کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں جوڈیشل انکوائری کی منظوری دی گئی اور اب جوڈیشل انکوائری کے حوالے سے باضابطہ طور پر خط چیف جسٹس کو لکھا گیا ہے۔