اولمپکس :ـ پیراگوئے کیخلاف فٹبال میچ میں اسرائیل مخالف نعرے ‘فلسطینی پرچم لہرا دیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پیرس اولمپکس کے شائقین غزہ پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف سراپا احتجاج ہو گئے ۔ پیراگوئے اور اسرائیل کے درمیان فٹبال میچ میں تماشائیوںنے فلسطینی پرچم لہرا دیا ۔ شائقین میچ میں غزہ پر اسرائیلی بربریت کے خلاف نعرے لگاتے رہے ۔ میچ میں اسرائیلی ٹیم کو دو کے مقابلے میں چار گول سے عبرتناک شکست ہوئی ۔ پیرس اولمپکس کیلئے آسٹریلیا کے دستے میں شامل مسلم باکسر ٹینا رحیمی نے فرانس میں مقامی اتھلیٹس پر حجاب پر پابندی کے حوالے سے آواز بلند کر دی۔آسٹریلوی اولمپک دستے میں پہلی بار کوئی مسلم باکسر شامل ہوئی ہے، ٹینا رحیمی کا تعلق سڈنی سے ہے اور وہ مکمل حجاب پہن کر باکسنگ کرتی ہیں۔ ٹینا رحیمی نے کہاکہ خواتین اس بات کا حق رکھتی ہیں کہ وہ جس طرح کا چاہیں، لباس کا انتخاب کریں، لباس چاہے حجاب کے ساتھ ہو یا بغیر، یہ اپنا انتخاب ہے۔ میں نے حجاب پہننا منتخب کیا ہے کیونکہ یہ میرے مذہب کا حصہ ہے اور مجھے فخر ہے کہ میں حجاب پہنتی ہوں۔آپ کو مذہب، عقیدے اور اپنے کھیل میں کچھ منتخب نہیں کرنا چاہیے، فرانسیسی اتھلیٹس کو مذہب اور کھیل میں سے ایک چیز کو منتخب کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا آپ کیسے کپڑے پہنتے ہیں، یا کس مذہب کے پیروکار ہیں، ہم یہاں صرف ایک ہی خواب کو حاصل کرنے کیلئے آتے ہیں کہ مقابلہ کریں اور جیتیں، اس سے کسی چیز کو خارج نہیں کرنا چاہیے، کھیلوں میں تفریق کو خوش آمدید نہیں کہا جا سکتا، خاص طور پر اولمپکس میں۔