سوشیو اکنامک رجسٹری پراجیکٹ سے عوامی مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی: مریم نواز
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) ’’اب ہوگا سب کا شمار‘‘ پنجاب میں خوشحالی سروے کا آغاز کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی ہدایت پر پنجاب میں سوشیو اکنامک رجسٹری پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کمشنر اورڈپٹی کمشنرکو ویڈیولنک ہدایات جاری کیں اور ڈپٹی کمشنرز کو سوشیو اکنامک رجسٹری کی مانیٹرنگ کا ٹاسک سونپ دیا۔ سوشیو اکنامک رجسٹری کے تحت صوبہ بھر میں گھروں اور ہر گھرانے کا معاشی سٹیٹس بھی درج کیا جائے گا۔ سوشیو اکنامک رجسٹری کے تحت دیہات میں عوام گھر سے بیٹھ کر پورٹل پر بھی خود کو رجسٹرڈ کرا سکتے ہیں اور ہیلپ لائن 0800-02345 پر بھی رجوع کر سکتے ہیں۔ مویشیوں کو بھی شمار کیا جائے گا۔ سوشیو اکنامک رجسٹری کے لئے صوبے بھر میں پانچ ہزار رجسٹریشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ عوام گھر سے بیٹھ کر پورٹل پر بھی خود کو رجسٹرڈ کرا سکتے ہیں اور ہیلپ لائن0800-02345 پر بھی رجوع کر سکتے ہیں۔ رجسٹریشن کے لیے آن لائن ویب پورٹلwww.pser.punjab.gov.pk پر بھی اپنے کوائف کا اندراج کیا جا سکتا ہے۔ سوشیو اکنامک رجسٹری میں رجسٹریشن کروانے والے افراد ہی سوشل پروٹیکشن پراجیکٹ کے حقدار ہونگے۔ رجسٹرڈ شہری ای بائیک، روشن گھرانہ سولر پروگرام، ہمت کارڈ، کسان کارڈ، ہیلتھ کارڈ، لائیوسٹاک کارڈ اور سکالر شپ پروگرام سمیت دیگر سوشل پروٹیکشن پروگرام میں اپلائی کرنے کے اہل ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ مستند ڈیٹا ہونے سے حق اصل حقدار کو ہی ملے گا۔ عوام کے لئے سوشیو اکنامک رجسٹری پراجیکٹ میں رجسٹریشن کو آسان بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ سے حکومت کو لوگوں کے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے رجسٹریشن سنٹرز پر رجسٹریشن کے لئے عوام کو آسانی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت عظمیٰ زاہد بخاری اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا کہ آلودگی سے پاک ماحول اور پینے کا صاف پانی بہت سے بیماریوں سے بچاتا ہے۔ ہیپاٹائٹس بی اور سی کے مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے، خاتمے کے لئے اجتماعی کاوشیں کرنا ہوگی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ہیپاٹائٹس کے عالمی دن پر پیغام میں کہا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ہیپاٹائٹس سے بچاؤ آسان، علاج طویل اور مشکل ہے۔