• news

برطانوی ہائی کمشز کی ملاقات ، عوام پر مہنگائی کا بوجھ  ڈالنے  کی اجازت نہیں دینگے : مریم نواز 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز سے پاکستان میں تعینات برٹش ہائی کمشنر جین میری ایٹ نے ملاقات کی، جس میں باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں اشتراک کار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلی نے پنجاب میں پہلے وویمن ورچوئل پولیس سٹیشن اور چائلڈ سیفٹی ورچوئل سنٹر کے قیام سے آگاہ کیا۔ وزیراعلی نے کہاکہ خواتین اور بچوں کی پروٹیکشن کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات کررہے ہیں۔ پنجاب میں 14اگست سے سولرائزیشن پراجیکٹ کا آغاز کر دیا جائے گا۔ عوام کو معاشی ریلیف کیلئے سولر پینل مہیا کررہے ہیں۔ سولر پینل پراجیکٹ میں برطانوی کمپنیوں کا خیر مقدم کیا جائے گا۔ سولر پینل پراجیکٹ کی بڈنگ میں شفافیت اور میرٹ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ پنجاب میں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔ پنجاب کو جنوبی ایشیا کی سب سے بڑی ڈیجیٹل حب بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔ برطانوی ہائی کمشنر جین میری ایٹ نے پنجاب میں سکھ میرج ایکٹ کے نفاذ کو سراہا۔ چائلڈ میرج بل کو قابل تقلید اقدام قرار دیا۔ جین میری ایٹ نے کہاکہ پنجاب میں اقلیتوں کے تحفظ کے حوالے سے حکومتی اقدامات قابل تحسین ہیں۔ خواتین اور بچوں کے حوالے سے حکومت پنجاب منفرد تاریخی اقدامات کررہی ہے۔ وزیراعلی نے پنجاب میں فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کی فلاحی خدمات کو سراہا۔ علاوہ ازیں  مریم نواز نے مکہ مکرمہ میں شہزادہ عبداللہ بن خالد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب مریم نوازکا عزم، مہنگائی…………ہر گز نہیں۔ وزیراعلی مصنوعی مہنگائی کے خاتمے کے لئے متحرک، نرخ اور سپلائی چین میکنزم سے متعلق ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔ خصوصی اجلاس میں وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کو سپلائی چین میکنزم اور اشیاء خوردو نوش کے نرخ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مریم نواز نے صوبے بھر میں سپلائی چین میکنزم کو مزید موثر بنانے کے لئے اقدامات اور اشیاء خورد و نوش کے نرخ مناسب رکھنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام پر مہنگائی کا بے جا بوجھ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ بنیادی اشیاء ضروریہ کے نرخ عوام کی پہنچ میں ہونے چاہیے۔ ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کا میکنزم درست کرنے سے مصنوعی مہنگائی پر کنٹرول ممکن ہوگا۔ اشیاء ضروریہ کی فراہمی کے سسٹم کو بہتر بنانے سے اخراجات میں مزید کمی ہوگی۔ بحران اور کمی کی صورتحال سے بچنے کے لئے سپلائی چین میکنزم کو فول پروف بنایا جائے۔دوسری جانب مریم نواز نے پنجاب سپیشل برانچ ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور سپیشل برانچ کے چار پراجیکٹس کا افتتاح کیا۔ وزیر اعلیٰ نے ای لرننگ سنٹر ڈیجیٹل لائبریری لیڈیز لائونج اور ڈے کئیر سنٹر کا ا فتتاح کیا۔ ڈے کیئر میں موجود بچوں کے ساتھ تصویر بنوائی اور انہیں پیار کیا۔ مریم نواز شریف نے لائبریری میں سو سال سے زیادہ پرانے ریکارڈ کا معائنہ کیا۔ ڈی ایس آر آرکائیو میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ 1901ء کی ڈیلی سیچوئیشن رپورٹ میں درج واقعات کا مطالعہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کو غازی علم دین، بھگت سنگھ، جلیانوالہ باغ اور دیگر تاریخی واقعات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کو سپیشل برانچ کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا گیا کہ سپیشل برانچ نے پچھلے سال 5لاکھ 70ہزار آپریشن سرانجام دیئے۔ سپیشل برانچ جولائی 2024ء تک 5لاکھ 78ہزار سے زائد ٹاسک پورے کر چکی ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ سپیشل برانچ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے قابل قدر خدمات سرانجام دیں۔ دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے تمام تر وسائل مہیا کیے جائیں گے۔ سکیورٹی کے امور کے انجام دہی کے لئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور ایڈوانس آٹومیشن سے استفادہ کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن