• news

بے نظیر سپورٹ پروگرام کا دائرہ‘ ملازمتوں میں خواتین‘ اقلیتوں کی نمائندگی بڑھانا ہو گی: صدر

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر آصف علی زرداری سے  چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد نے ملاقات کی اور ان کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام  کے بارے  بریفنگ دی۔ صدر آصف علی زرداری نے  کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے دائرہ کار  کو مزید بڑھانا ہوگا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا گوادر میں دفتر قائم کرنے کی ہدایت کی۔ صدر مملکت  نے بینکوں کی جانب سے بے نظیر کارڈ ہولڈرز سے 0.45 فیصد سروس چارجز  کٹوتی کا نوٹس لیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ سروس چارجز ختم کرنے کیلئے سٹیٹ بینک سے رابطہ کیا جائے، ادائیگی کے جدید نظام سے پروگرام کے مستفیض افراد کو استحصال سے بچائے  جاسکے گا۔ صدر مملکت  نے زیادہ سے زیادہ مستحق طلباء کو وظائف  کی فراہمی  کیلئے ڈونرز اور پرائیویٹ سیکٹر  کی شمولیت پر زور دیا۔ صدر مملکت کو بے نظیر کفالت ، تعلیمی وظائف ، سکالرشپس برائے انڈر گریجویٹ اور نشو و نما پروگرام بارے بریفنگ دی گئی۔ صدر آصف علی زرداری سے فیڈرل پبلک سروس کمیشن سینئر ممبر اکبر حسین درانی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں خواتین اور اقلیتوں کی نمائندگی بڑھانا ہوگی۔ صدر مملکت نے  خواتین اور اقلیتوں کی معاشرے کے مرکزی دھارے میں شمولیت بڑھانے  پر زور دیا اور کہا کہ کمیشن بھرتی کیلئے جدید طریقہ اپنائیں۔ فیڈرل پبلک سروس کمیشن سول سروس میں بھرتی کا عمل مزید بہتر  بنائے، کمیشن پر سرکاری ملازمین کی بھرتی کی اہم ذمہ داری  عائد ہے، موثر اور شفاف بھرتی کے عمل سے اہل اور باصلاحیت سرکاری ملازمین کے انتخاب میں مدد ملے گی۔

ای پیپر-دی نیشن