آٹھویں چائنہ ساوتھ ایشیا ایکسپو، پاکستان نے کنٹری آف آنر کا اعزاز حاصل کرلیا
بیجنگ( آئی این پی ) پاکستان نے چین کے شہرکنمنگ میں منعقد ہونے والی آٹھویں چائنہ ساوتھ ایشیا ایکسپو میں پاکستان نے کنٹری آف آنر کا اعزاز حاصل کرلیا، چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کہا ہے کہ چائنہ ساوتھ ایشیا ایکسپو اقتصادی تعلقات کو بڑھانے اور علاقائی انضمام کو فروغ دینے کے لئے چین کی غیر متزلزل وابستگی کا ثبوت ہے۔گوادر پرو کے مطابق پاکستان نے 170 سے زائد سٹالز کے ساتھ شاندار فرنیچر اور قالینوں سے لے کر تازہ پھلوں، کانسی اور اونیکس سے بنی خوبصورت دستکاریوں اور زیورات سمیت متعدد مصنوعات کے ذریعے اپنے متحرک معاشی تنوع کا مظاہرہ کیا۔ ایکسپو میں چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی کی شمولیت سے پاکستان کی اہمیت میں اضافہ ہوا۔ گوادر پرو کو انٹرویو میں سفیر ہاشمی نے کہا کہ چائنہ ساوتھ ایشیا ایکسپو اقتصادی تعلقات کو بڑھانے اور علاقائی انضمام کو فروغ دینے کے لئے چین کی غیر متزلزل وابستگی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے پاکستان کی متنوع مصنوعات کی نمائش دیکھ کر خوشی ہوئی ہے جو ہمارے ملک کے بھر پور ثقافتی ورثے اور معاشی صلاحیتوں کو ظاہر کرتی ہیں۔ گوادر پرو کے مطابق پاکستانی پویلین کی ایک خاص بات ڈاکٹر عدنان حفیظ کی جانب سے ایک ٹن سے زائد آموں کے متاثر کن انتخاب کے ساتھ تیار کردہ پاکستانی آموں کی شاندار نمائش تھی جس میں تین قیمتی اقسام سندھری، لنگڑا اور ایس بی چونسا شامل ہیں، ڈاکٹر حفیظ کا مقصد چینی صارفین کو پاکستانی آموں کی مٹھاس اور تنوع سے متعارف کرانا تھا۔ انہوں نے کہا ہمیں امید ہے کہ اس طرح کے پلیٹ فارم ہمیں اپنے چینی صارفین کے قریب لائیں گے، جس سے ہماری مصنوعات اور خدمات کو مارکیٹ میں گہرا اثر ڈالنے کا موقع ملے گا۔ گوادر پرو کے مطابق آٹھویںچائنہ ساوتھ ایشیا ایکسپو اور اس کے ساتھ ساتھ 28 ویں چائنہ کنمنگ امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ فیئر نے نیپال اور ملائیشیا سمیت 82 ممالک، خطوں اور بین الاقوامی تنظیموں کے 2000 سے زائد کاروباری اداروں کو اپنی طرف متوجہ کیا، یہ خطے میں اقتصادی تعاون اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے کے لئے ایک اہم تقریب کے طور پر اس کی حیثیت کو اجاگر کرتا ہے۔