• news

رئوف حسن کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد، جیل بھیجنے کا حکم 

اسلام آباد (خبر نگار+نوائے وقت رپورٹ) جوڈیشل مجسٹریٹ شبیر بھٹی کی عدالت نے رؤف حسن اور دیگر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں پی ٹی آئی ترجمان رؤف حسن اور دیگر کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت درج مقدمے کی سماعت ہوئی۔ رؤف حسن اور دیگر کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔ایف آئی اے پراسیکیوٹر شیخ عامر عدالت کے سامنے پیش ہوئے اور 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔پی ٹی آئی وکیل کی درخواست پر عدالت نے  رؤف حسن کا میڈیکل چیک اپ کرانے کی اجازت دے دی۔عدالت نے ایف آئی اے کی 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے رؤف حسن اور دیگر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔اسلام آباد سے خبر نگار  کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما رئوف حسن کو طبی معائنے کیلئے پمز ہسپتال لایا گیا جہاں ان کے مختلف ٹیسٹ کئے گئے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق رئوف حسن کو جوڈیشل ہونے پر معمول کے طبی معائنے کیلئے پمز ہسپتال لایا گیا جہاں ان کا مکمل چیک اپ کیا گیا اس کے  بعد انہیں صحت مند قرار دیا گیا۔ رات پونے آٹھ بجے انہیں پمز ہسپتال سے روانہ کردیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن