• news

کرتار پور کوریڈور کی بحالی کا فیصلہ، 5 سال کا کام ایک برس میں کرینگے: مریم نواز

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں روڈز بحالی پروگرام کی471 سڑکوں کے پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے روڈز کے تمام پراجیکٹس کو 15 ستمبر تک تعمیراتی کام شروع کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ اجلاس میں روڈز بحالی پروگرام 30 جون تک مکمل کرنے پربھی اتفاق کیا گیا۔ (رورل روڈز ری ہیبلی ٹیشن) دیہات میں سڑکوں کی بحالی کے 75 پراجیکٹس کا جائزہ لیاگیا اور 192 ارب کی لاگت سے دیہی روڈز پر 15ستمبر تک کام شروع کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں کرتار پور کوریڈور کی تعمیر و بحالی کا فیصلہ کیا گیا۔ جی ٹی روڈ تا قائد اعظم انٹر چینج رنگ روڈ کی تعمیر و توسیع ہوگی۔ ملتان تا وہاڑی 93 کلومیٹر روڈ کی تعمیر ومرمت کی جائے گی۔ فیصل آباد چنیوٹ سرگودھا روڈ، کماہاں انٹر چینج 24 کلومیٹر روڈ کی تعمیر و مرمت بھی ہوگی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ 5سال کا کام ایک ہی سال میں کرکے لیڈ لیں گے۔ عوام کی سہولت کے لئے روڈز پروگرام کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے گا۔ سینیٹر پرویز رشید، سینئر منسٹر مریم اوررنگزیب، صوبائی وزیر مواصلات صہیب احمد ملک، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال اور دیگر حکام موجود تھے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف مہنگائی کے خاتمے کے لئے سرگرم، ایک ہی ہفتے میں دوسری بار اجلاس منعقد ہوا جس میں چکن، دودھ کے نرخ میں مصنوعی اضافہ روکنے کے لیے جامع حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے دودھ میں ملاوٹ کے خاتمے کیلئے خصوصی مہم شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔ اجلاس میں چکن، دودھ کی سپلائی چین میکنزم اور نرخ  کے تعین سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی اور تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے نرخ کی مانیٹرنگ اور استحکام کے لئے مزید موثر نظام بنانے کی ہدایت کی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کچے کے علاقے میں کامیاب آپریشن پر پولیس ٹیم کو مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ نے آپریشن کے دوران ہارٹ ٹیک سے شہید ہونے والے انسپکٹر محمد رمضان کے لئے حرف عقیدت پیش کیا اور سوگوار خاندان سے اظہار ہمددری اور تعزیت کیا۔ مریم نواز شریف نے زخمی کانسٹیبل کے بہترین علاج معالجے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اداکار سردار کمال کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اداکاری کے شعبہ میں سردار کمال کی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن