انسداد پولیو کیلئے تمام وسائل استعمال کئے جائیں، جہاں سکیورٹی چیلنجز ہیں وہاں ہر بچے کو ویکسین دیں: وزیراعظم
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں انٹرنیٹ کی تیز تر اور بلا تعطل فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ڈیجیٹائزیشن معیشت کو ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنے اور خود کار نظام کے لئے سنگ میل ہوگی۔ وہ گزشتہ روز یہاں ایشیا انٹرنیٹ کولیشن کے 3 رکنی وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس نے وزیراعظم سے یہاں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت مینجنگ ڈائریکٹر ایشیا انٹرنیٹ کولیشن جیف پئین کر رہے تھے۔ ملاقات میں ڈیٹا کے تحفظ، انٹرنیٹ پر مواد کے حوالے سے ضابطہ اخلاق اور الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے حوالے سے حکمت عملی پر گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی انفراسٹرکچر میں بیرونی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے حوالے سے حکمت عملی پر عمل درآمد جاری ہے، حکومت مصنوعی ذہانت پر مبنی بنیادی ڈھانچے کی ترویج پر کام کر رہی ہے۔ ہم مصنوعی ذہانت انفراسٹرکچر کے حوالے سے پاکستان کو خطے میں ایک نمایاں ملک بنانے کے حوالے سے پر عزم ہیں، حکومت کے ڈیجیٹل پاکستان انیشی ایٹوکے تحت سارے نظام کو ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے۔ پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل کے مسودے پر تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان اور ایشیا پیسفک ریجن میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انٹرنیٹ انفراسٹرکچر کے فروغ کے لئے ایشیا انٹرنیٹ کولیشن کی خدمات کو سراہا۔ وفد نے وزیراعظم کو ایشیا انٹرنیٹ کولیشن کے پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں جاری اپنی سروسز سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح آزادی کی جدوجہد میں قائد اعظم محمد علی جنا ح کے شانہ بشانہ رہیں، جمہوریت کے فروغ کے لیے محترمہ فاطمہ جنا ح کا عزم پختہ اور متاثر کن تھا۔ مادر ملت محترمہ فاطمہ جنا ح کے یوم پیدائش پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ فاطمہ جناح کی پوری زندگی لگن کے جذبے سے سر شار تھی، ان کی لازوال میراث ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے ریاست کے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، ایسے علاقے جہاں سکیورٹی کے چیلنجز ہیں وہاں ہر بچے کو پولیو ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ گزشتہ روز وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار انسداد پولیو قومی ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو ڈاکٹر عائشہ رضا فاروق، سیکرٹری قومی صحت ڈاکٹر ندیم محبوب اور نیشنل کوآرڈینیٹر برائے انسداد پولیو محمد انوار الحق موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ فرنٹ لائن ورکرز کی لگن، حکومت پاکستان کے عزم اور پارٹنرز کے تعاون سے پاکستان نے پولیو کے خلاف اہم پیشرفت کی ہے۔ یہ امر تشویشناک ہے کہ پاکستان ان دو ممالک میں سے ایک ہے جہاں پولیو کا چیلنج موجود ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم کو انسداد پولیو کے حوالے سے حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔