• news

ہانیہ خاندا ن کے 60سے زائد افراد شہید ہوچکے ‘والد پر فخر ‘بیٹا

غزہ (نوائے وقت رپورٹ) حماس ذرائع کے مطابق غزہ میں گزشتہ سال 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بربریت میں اب تک اسماعیل ہانیہ کے خاندان کے 60 سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں۔ خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اپریل 2024ء میں اسماعیل ہانیہ کے تین بیٹے جازم، عامر اور محمد اسرائیلی بمباری سے شہید ہوئے جبکہ اس حملے میں اسماعیل ہانیہ کی تین پوتیاں اور ایک پوتا بھی شہید ہوئے۔ جون 2024ء میں اسرائیلی فضائی حملے میں اسماعیل ہانیہ کے خاندان کے دس افراد شہید ہوئے۔ دوسری طرف مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کے بیٹے عبدالسلام ہانیہ کا پیغام سامنے آگیا۔ شہید کے بیٹے عبدالسلام ہانیہ کا کہنا تھا میرے والد نے جس چیز کی خواہش کی تھی وہ انہوں نے حاصل کر لی۔ انہوں نے کہاکہ ہم اسرائیلی قبضے کے خلاف اور ایک انقلاب کے لئے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔ عبدالسلام ہانیہ کا کہنا تھا کہ قیادت کے قتل سے فلسطینی مزاحمت ختم نہیں ہوگی۔ آزادی کے حصول تک حماس مزاحمت جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ میرے والد نے ہر روز اپنے آپ کو شہید تصور کیا۔ ہمیں اپنے والد پر فخر اور ہمارا سر اس فخر سے بلند ہے۔

ای پیپر-دی نیشن