ریلوے نے کرائے کم کر دیئے، اطلاق کل سے ہو گا
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) ریلویز نے ٹرینوں کے کرایوں میں کمی کر دی ہے۔ یہ کمی ملک بھر میں چلنے والی تمام مسافر ٹرینوں کی تمام کلاسز میں کی گئی۔ اے سی کلاسز کی ٹکٹ میں سو سے ڈیڑھ سو روپے تک کمی کی گئی جبکہ اکانومی کلاس کے ٹکٹ میں پچاس روپے تک کمی کی گئی۔ اطلاق کل ہفتہ 3 اگست سے ملک بھر کی پسنجر ٹرینوں میں ہو جائے گا۔ چیف ایگزیکٹو افسر ریلویز عامر علی بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے کی یہ کبھی ترجیح نہیں رہی کہ وہ مسافر ٹرینوں سے کمائی کرے۔ ہمارے کرایے صرف آپریشنل کاسٹ پوری کرنے کیلئے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سال مسافروں کیلئے سہولیات میں اضافے کا ہے۔ بڑے سٹیشنوں پر ایگزیکٹو واش رومز بنیں گے، پریمیم لاؤنج ڈائننگ کار کو مزید ٹرینوں میں لگائیں گے اور نئی کوچز سے پرانی گاڑیوں کو گرین لائن کی طرز پر اپ گریڈ بھی کریں گے۔