• news

ارکان اسمبلی نکاسی آب آپریشن کی نگرانی کریں: مریم نواز

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ  مریم نواز  نے ارکان اسمبلی کو نکاسی آب کے آپریشن کی نگرانی کر نے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ  نے کہا کہ ارکان اسمبلی فیلڈ میں نکلیں اور نکاسی آب کے عمل کی مانیٹرنگ کریں۔ تمام ایم پی اے چھوٹے بڑے شہروں اور متعلقہ علاقے کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیں۔ عوام کی سہولت کے لئے ہر شہر، ہر گلی محلے میں بارشی پانی کی نکاسی یقینی بنائی جائے۔ وزیر اعلیٰ  نے شدید بارش کے باعث متعلقہ محکموں کو الرٹ کر دیا اور انتظامی افسروں اور واسا حکام کو فیلڈ میں پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے لاہور اور دیگر شہروں میں بارشی پانی کی جلد نکاسی کا حکم دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بارشی پانی کے نکاس  کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے وارڈن اور متعلقہ انچارج موجود رہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلی محلوں اور روڈز سے بارش کے پانی کی نکاسی کا آپریشن جلد مکمل کیا جائے۔  مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ملک کاسب سے بڑا شریمپ فارم قائم کرنے کے پراجیکٹ کا آغاز اسی سال کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت پنجاب میں پہلی بار ایک ہزار ایکڑ پر سو ٹن سے زائد شریمپ فارمنگ کی جائے گی۔ شریمپ فارمنگ کیلئے حکومت پنجاب سبسڈیز، اراضی اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر فشریز اور شریمپ فارمنگ کیلئے ریسرچ پراجیکٹ بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ فشریز فارمز ایسوسی ایشنز نے شریمپ فارمنگ پراجیکٹ شروع کرنے کے فیصلے پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر سینئر منسٹر مریم اورنگزیب سے فشریز فارمز ایسوسی ایشنز کے وفد نے ملاقات کی، جس میں شریمپ فارمنگ کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ شریمپ فارمنگ کے لئے اشتراک کار کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ سینئر منسٹر مریم اورنگزیب نے کہاکہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر فشریز اور شریمپ فارمنگ کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کی معاونت کی جائے گی۔ فشریز اور شریمپ فارمنگ کا فروغ تمام سٹیک ہولڈرز کے باہمی اشتراک سے ممکن ہوگا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ فشریز اور شریمپ فارمنگ پنجاب کے فارمرز کیلئے گیم چینجر پراجیکٹ ثابت ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن