پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کا اجلاس‘ سپریم کورٹ کا شریعت اپیلیٹ بنچ قائم
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے طویل عرصے کے بعد شریعت اپیلیٹ بنچ تشکیل دے دیا ہے۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ5 اگست سے مقدمات کی سماعت کرے گا۔ چیف جسٹس کی زیرصدارت پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کا اجلاس ہوا جہاں شریعت اپیلیٹ بنچ تشکیل دینے کی منظوری دے دی گئی۔ پریکٹیس اینڈ پروسیجر کمیٹی کے اجلاس میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں پانچ رکنی شریعت اپیلیٹ بنچ تشکیل دے دیا گیا، جس میں جسٹس نعیم اختر افغان، جسٹس شاہد بلال حسن کے علاوہ ڈاکٹر محمد خالد مسعود اور ڈاکٹر قبلہ ایاز بھی بطور عالم جج شریعت بنچ کا حصہ ہوں گے۔ سپریم کورٹ میں فیڈرل شریعت کورٹ کے فیصلوں کے خلاف متعدد اپیلیں زیر التوا ہیں، سودی نظام کے خلاف فیڈرل شریعت کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل بھی سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے۔