تمام سیاسی جماعتیں 29 اگست تک گوشوارے جمع کرائیں: الیکشن کمشن
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن آف پاکستان نے تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو اپنے اکاؤنٹس کے مربوط گوشوارے 29 اگست تک جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔ سیاسی جماعتیں مالی سال کے اختتام کے بعد ساٹھ دن کے اندر کمشن کو اپنے گوشوارے فارم ڈی پر چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کے ذریعے تفصیلات کے ساتھ پیش کریں گی۔ الیکشن کمشن نے کہا کہ سالانہ آمدنی اور اخراجات، فنڈنگ کے ذرائع، اثاثہ جات اور واجبات الیکشن کمشن میں جمع کرانا ہوں گے۔ پارٹی سربراہان کو ہدایت کی گئی کہ کمشن کو پیش کی جانے والی تفصیلات سیاسی جماعت کی آڈٹ رپورٹ پارٹی سربراہ کی جانب سے مجاز عہدیدار کی دستخط شدہ ہوں۔