190 ملین پائونڈ کیس، جج تبدیل‘ سماعت 7 اگست تک ملتوی
راولپنڈی /اسلام آباد ( نمائندہ نوائے وقت ) اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے بانی تحریک انصاف اور بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پانڈز کیس کی سماعت کی بانی پی ٹی آئی کے وکیل کی عدم موجودگی کے باعث عدالت نے کیس کی مزید سماعت 7 اگست تک ملتوی کردی جبکہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں سے بات کرانے کی درخواست پر جیل انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی گئی ہے ریفرنس کی سماعت کے دوران عمران خان اور بشری بی بی کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا ۔نیب کے پراسیکیوٹرجنرل سردار مظفر عباسی اپنی ٹیم کے ہمراہ اور تفتیشی افسران بشری بی بی کے وکیل عثمان گل پیش ہوئے عمران کے وکیل ظہیر عباسی چوہدری پیش نہ ہو سکے جس کے با عث تفتیشی افسر عمر ندیم کے بیان پر جرح نہ ہو سکی ۔وفاقی دارالحکومت کی تین میں دو احتساب عدالتوں میں ججز کے خالی عہدوں پر تعیناتیاں کردی گئیں۔گریڈ 21کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ناصرجاوید رانا کو احتساب عدالت نمبر1 کا جج تعینات کردیاگیا،جبکہ حال ہی میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے عہدہ پر ترقی پانے والی گریڈ20 کی جج عابدہ سجاد کو احتساب عدالت نمبر3 کا جج تعینات کردیاگیا۔آئی این پی کے مطابق 190 ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت کرنے والے جج کو تبدیل کر دیا گیا۔