بھارت کشمیری آبادی میں تبدیلی کی کوشش کر رہا: عطاء تارڑ
اسلام آباد ( اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی حق خود ارادیت کی جنگ میں حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان نے اپنا قومی فریضہ سمجھتے ہوئے کشمیری عوام کو انصاف کی فراہمی کے لئے ہر عالمی فورم پر آواز اٹھائی ہے اور اٹھاتا رہے گا۔ یہ بات انہوں نے پاکستانی سفارت خانہ برلن کے زیر اہتمام یوم استحصال کشمیر کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لئے منعقدہ ویبینار سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہی۔ بھارت کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کو کمزور کرنے کیلئے کشمیری آبادی میں تبدیلیاں لانے کی کوشش کر رہا ہے۔5 اگست 2019ء کو بھارت نے غیر قانونی طور پر زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر میں یکطرفہ کارروائیوں کا آغاز کیا، ان کارروائیوں کا مقصد کشمیری عوام کو بے اختیار کرنا، حق رائے دہی سے محروم کرنا اور انہیں اپنی ہی سرزمین سے بے دخل کرنا ہے۔ آج بھارت دنیا کو یہ باور کرانے کی کوشش کر رہا ہے کہ جموں و کشمیر اس کی سرزمین کا ایک غیر متنازعہ حصہ ہے تاہم یہ بھارت ہی تھا جو جموں و کشمیر کے مسئلہ کو سلامتی کونسل میں لے کر گیا۔ سلامتی کونسل میں جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا۔ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر پر وحشیانہ قبضہ نہ صرف عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ انسانی حقوق کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ اصولوں کی بھی تضحیک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بھارت کے غیر قانونی اور غاصبانہ تسلط کے خلاف لازوال قربانیاں دے رہے ہیں۔ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حق خودارادیت کی جنگ میں حمایت جاری رکھے گا۔ حکومت پاکستان کشمیری عوام کی حمایت کے لئے متفقہ قرارداد منظور کر چکی ہے جس میں ہندوتوا حکومت کے انتہا پسندانہ عزائم پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔