• news

وزیراعظم بجلی بل کم کر  دیں، یہ نہ ہو حکومت چلی جائے: حافظ نعیم

لاہور+ کراچی (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وزیراعظم بجلی کے بل کم کر دیں اسی میں نجات ہے، یہ نہ ہو آپ کی حکومت ہی چلی جائے۔ حافظ نعیم الرحمان نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئی پی پیز کا دھندا پیپلزپارٹی کے دور سے شروع ہوا، ایم کیو ایم ہر دور میں حکومت کا حصہ رہی، آج ایم کیو ایم والے کہتے ہیں آئی پی پیز نہیں ہونے چاہئیں۔ وزیراعظم سمیت سب آئی پی پیز سے متعلق جھوٹ بول رہے ہیں، آئی پی پیز کو بچانے کے لئے ہمیں ڈرایا جاتا ہے، لوگ بجلی کا بل ادا کرنے کے لئے گھر کا فرنیچر بیچنے پر مجبور ہیں، ایک ہی راستہ ہے عوام کو ریلیف دو۔ جماعت اسلامی کی تحریک کو یہ ٹولہ نہیں روک سکے گا، یہ دھرنا تنخواہ دار، مزدور، کسانوں کی امید بن گیا ہے، صاف اور سیدھی بات ہے بجلی کی قیمت کم اور جاگیرداروں پر ٹیکس لگاؤ۔ گورنر سندھ نے ہمارے لئے چائے، پانی بھیجا شکریہ، گورنر سندھ 1300 سی سی سے کم گاڑی میں بیٹھنے کا اعلان کریں، یہ نہیں ہوسکتا ایک مخصوص طبقے کو بڑی گاڑیاں اور مراعات ملیں۔ یہ آئی ایم ایف کے نئے پروگرام میں جا رہے ہیں، پشاور اور لاہور کے لئے دھرنے کا اعلان ایک سے دو روز میں کروں گا، یہ تحریک حق کی بالادستی کی تحریک ہے، یہ خاندان ہم پر فیملی انٹرپرائزز کی صورت میں مسلط ہیں۔ کے الیکٹرک مافیا کا بھی فرانزک آڈٹ ہونا چاہئے، فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر ان کا دھندا چلتا ہے، سارا بوجھ تنخواہ دارطبقہ اٹھائے ایسا نہیں چلے گا۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ عوامی مطالبات کو سیاست کا رنگ دینے والے قوم کو گمراہ کر رہے ہیں، قوم کے اصل مسائل مہنگی بجلی، بے روزگاری، اشیاء خوردو نوش کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ، کرپشن اور ٹیکسوں کا بوجھ شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاقت باغ راولپنڈی میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی پی پیز کے ساتھ ہونے والے معاہدے قوم کے سامنے لائے جائیں۔ صرف2 فیصد اشرافیہ 98فیصد عوام کی تقدیر کے فیصلے کر رہی ہے اور سفید و سیاہ کی مالک بن بیٹھی ہے۔ عیاشیاں یہ لوگ کرتے ہیں اور ان کے اخراجات عوام بر داشت کرتے ہیں۔ یہ سلسلہ اب نہیں چلے گا۔ جماعت اسلامی فرسودہ نظام اور مہنگائی، بے روزگاری، مہنگائی کے خلاف سٹرکوں پر ہے۔ قو م کے ساتھ ظلم کرنے والوں کا انجام قریب ہے۔

ای پیپر-دی نیشن