5 مرلہ تک پلاٹ مالکان کو گھر بنانے کیلئے بلاسود قرض ملے گا: مریم نواز
لاہور ( نوائے وقت رپورٹ ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے عزم ہر بے گھر کے لئے ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام کے تین ماڈل کی اصولی منظوری دی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے قرض والوں سے سروس چارجز لینے سے روک دیا۔ وزیر اعلیٰ مریم 14 اگست کو اپنی چھت ،اپنا گھر پروگرام کی لانچنگ کریں گی۔ اپنا گھر پروگرام کے پائلٹ پروگرام کے طور پر ماڈل گھر تیار کیے گئے ہیں۔ مریم نواز نے نقشے میں لیونگ روم بھی شامل کرنے کی ہدایت کی۔ مریم نوازشریف نے عوام کی سہولت کے لئے ٹال فری نمبر متعارف کروانے کا حکم دیا۔ مریم نواز کی ہدایت پر پی آئی ٹی بی اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے لئے خصوصی پورٹل تیار کرے گا۔ اپنی چھت اپنا گھر کیلئے گھر بیٹھے آن لائن درخواست جمع کراسکیں گے۔ سیکرٹری ہاؤسنگ کیپٹن (ر)اسد اللہ خان نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر گھر کے مالکان کو آسان قسط پر قرضہ ادا کرنے کی سہولت ملے گی۔ حکومت پنجاب پرائیویٹ سکیم میں گھر کی لاگت کا بوجھ کم کرنے کے لئے سبسڈی دے گی۔ پانچ مرلہ تک پلاٹ کے مالک کو گھر بنانے کے لئے بلا سود قرض ملے گا۔ علاوہ ازیں مریم نواز نے کہا کہ شہداء کی تکریم پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ مریم نوازنے یوم شہدائے پولیس پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تمام شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہوں۔ شہداء ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ پولیس شہداء کی لازوال قربانیاں اثاثہ ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیاجاسکتا۔ ہر شہید کے خاندان کی دیکھ بھال اور خدمت کا فریضہ پوری طرح نبھائیں گے۔ شہداء پر فخر ہے،قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔