• news

امن کا راستہ بہتر ، بیٹھ کر  تنازعات حل کریں :وزیراعظم کی بھارت کو دعوت 

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی + اپنے سٹا ف رپو رٹر سے ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہندوستان اور اسرائیل کو کشمیریوں اور فلسطینیوں  کوان کا  بنیادی حق دیناپڑے گا،  بات چیت  سے ہی تمام تنازعات حل کئے جاسکتے ہیں، کشمیریوں کی آزادی تک ہر فورم پر ان کی حمایت جاری رکھیں گے، وہ دن دور نہیں  جب کشمیریوں کا خون رنگ لائیگا، بھارت کو اس حقیقت کا ادراک ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات نہیں کر سکتا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے  یوم استحصال کشمیر کے موقع پر وڈیو لنک کے ذریعے آزاد کشمیر قانون سازاسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ 5 اگست 2019 کو  ہندوستانی حکومت نے  غاصبانہ طورپراپنے غیر قانونی زیر تسلط  جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق کو چھین لیا اور آرٹیکل 370 اور 35 اے کا خاتمہ کر کے کشمیر میں غیر ریاستی افراد کو آباد ہونے کا قانونی حق دیاگیا ۔ جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوجاتا  ، جب تک انہیں بنیادی حقوق مہیا نہیں ہو جاتے، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی مدد جاری رکھے گا ۔ وہ وقت جلد آئے گا جب کشمیر ی ہندوستان کے غاصبانہ قبضے سے آزاد ہوں گے۔  وزیراعظم نے کہا کہ آج 5 اگست کو ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں،  ان کی عظیم جدوجہد کی داستان کو سلام پیش کرتے ہیں۔  ان قربانیوں کو فراموش کیاجائیگا  نہ یہ رائیگاں جائیں گی۔ ہم آسیہ اندرابی، یاسین ملک، میرواعظ عمر فاروق، شبیر احمد شاہ، مسرت عالم بھٹ کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے کئی کئی سال دنیا کی سب سے بڑی جیل میں صعوبتیں اور ظلم برداشت کیا۔ الیکن اپنی گردن نہیں جھکائی ،  فلک شگاف نعرے بلند کئے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ کشمیریوں کا خون رنگ لائیگا۔ آج ہم سردار ابراہیم خان ، سردار عبدالقیوم خان ، سردار سکندر حیات خان سمیت تمام مرحوم قائدین کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں  نے اپنی عمریں کشمیر کازکے لئے وقف کیں۔ وزیر اعظم نے کہاکہ 40 ہزار فلسطینیوں کو شہید کیاگیا ہے، اسرائیلی  فوجیں جو ظلم ڈھارہی ہیں اس سے بد ترین مظالم کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ کشمیری اور فلسطینیوں کی قربانیاں جلد رنگ لائیں گی۔ وزیراعظم نے کہاکہ تہران میں اسماعیل ہنیہ کو شہید کیاگیا ۔ یہ بات ذہن نشین کر لی جائیکہ ہندوستان کبھی بھی کشمیر کو اپنا حصہ نہیں بناسکتا۔ وہ جتنا ظلم ڈھا لے وہ کشمیریوں کو غلام نہیں رکھ سکتا۔  ایک دن آئیگا کہ اسرائیل اور ہندوستان کو ان مظالم کا جواب دینا پڑے گا ۔آج کے دن دنیاکو د وٹوک پیغام ملنا چاہیے کہ بھارت کشمیریوں کی تقدیر کا فیصلہ یکطرفہ طورپر نہیں کر سکتا ۔کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہو گا۔  بہتر راستہ امن کاراستہ ہیاور ان تنازعات کامل بیٹھ کر حل نکالنے کے لئے بھارت کو ہوش کے ناخن لینے پڑیں گے۔  اللہ نے پاکستان کو یہ طاقت دی ہے کہ وہ  اپنی طرف اٹھنے والی آنکھ کو پھوڑ دے گا۔انہوں نے کہا کہ امن اور دانشمندی کاتقاضا یہ ہے کہ آئیں مل بیٹھ کر نہ صرف کشمیر یوں کو ان کا حق دیں بلکہ  خطے کے امن قائم کریں۔ فلسطین  کے مسلمانوں کو بھی ان کا حق ملنا چاہیے۔ اس کے علاوہ تمام راستے تباہی کی طرف جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہندوستان اور اسرائیل کو یہ پیغام واضح طورپر پہنچے گاکہ امن کا راستہ ہی واحد راستہ ہے۔ کشمیریوں اور فلسطینیوں کو ان کا بنیادی حق  ملنا چاہیے۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کا کوئی جواز نہیں، آزادی بنیادی حق ہے، ہم اس حق کے ساتھ کھڑے ہیں،  حکومت پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔ یہ بات انہوں نے پیر کو وفاقی وزیر امور کشمیر و سیفران انجینئر امیر مقام کے ہمراہ یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔  انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی بحالی سمیت جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال ہونی چاہئے اور اقوام متحدہ کی منظور کردہ قراردادوں کے تحت نہتے مظلوم کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنا چاہئے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پیغام اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 5 اگست مقبوضہ جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ کشمیری عوام کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔  بھارت کے تمام تر ظلم کشمیریوں کا جذبہ آزادی ماند نہیں کر سکے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دفتر خارجہ سے پیر کو ایک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی نے کی۔ ریلی کے شرکا بعد ازاں پارلیمنٹ کے سامنے ڈی چوک تک گئے ۔ کشمیر یکجہتی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نائب زیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کشمیری عوام  کی امنگوں کے خلاف کوئی فیصلہ قابل قبول نہیں ہے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان حق خودارادیت کے لئے برسر جدوجہد کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ریلی  کے شرکا نے پاکستان کے اس موقف کا   اعادہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے عوام کے حق ِخودارادیت کے حصول کیلئے ان کی جاری منصفانہ جدوجہد کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔

لاہور؍ شیخوپورہ؍ قصور؍ حافظ آباد؍ ننکانہ (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) جمعیت علماء پاکستان (نورانی) کے زیر اہتمام ملک بھر میں یوم استحصال کشمیر منایا گیا۔ دوسری طرف شیخوپورہ، حافظ آباد، ننکانہ صاحب اور قصور سمیت مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں ضلعی انتظامیہ نے یوم استحصال کشمیر منایا۔ تفصیل کے مطابق جمعیت علماء پاکستان کے رہنماؤں اورعلماء نے بھارت کے جارحانہ عزائم اور کشمیری عوام پر ظلم و بربریت کی شدید مذمت کی۔ اس سلسلہ میں جمعیت علماء پاکستان کے صدر صا حبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر نے حیدرآباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف تمام مسلم ممالک مل کر اس کے خلاف عملی اقدامات کریں۔ اگر بھارت غاصبانہ اور غیر قانونی اقدامات کے ذریعے کشمیر کی حیثیت تبدیل کررہا ہے تو پاکستان کو حق حاصل ہے کہ وہ کنٹرول لائن کی حیثیت کو قبول نہ کرتے ہوئے فوجی ایکشن کرے۔ جمعیت علماء پاکستان کے چیئرمین قاری محمد زوار بہادر نے لاہور گلبرگ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی خاطر ہر قسم کی قربانی کے لئے تیار ہے۔ ہم کشمیری بھائیوں کے لئے ہر اقدام کر گزریں گے۔ جے یو پی کے سیکرٹری جنرل سید محمد صفدر شاہ نے کہا کہ پاکستانی قوم نے بہت صبر کرلیا اب ہم اپنے بہن بھائیوں پر مزید ظلم و بربریت برداشت نہیں کریں گے۔  ضلع شیخوپورہ میں پنجاب کونسل آرٹس اور پریس کلب شیخوپورہ کے زیر اہتمام 5 اگست یوم استحصال مقبوضہ کشمیر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمانان گرامی ڈاکٹر پروفیسر محمداکرم سعید، پروفیسر خرم عباس ورک، ڈاکٹر نگہت خورشید صاحبہ ممبر (BOM PUCAR)،صدرپریس کلب رانا محمدعثمان تھے طلباء وطالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی اس موقع پر طالبات نے مقبوضہ کشمیر میں ہونیوالے مظالم پر ٹیبلو جبکہ قومی ترانہ بھی پیش کیا تقریب کے بعد ریلی بھی نکالی گئی جو پنجاب کونسل آف آرٹس سے شروع ہوکر مین خالد روڈ چوک میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر فراز احمد نے کہاکہ 5 اگست کشمیر کی تاریخ کے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک ہے علاوہ ایں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام تحصیل کونسل ہال میں مرکزی تقریب اور ریلی کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ ڈاکٹر وقار علی خان نے کی۔ مرکزی ریلی تحصیل کونسل ہال سے شروع ہوکر تھانہ بی ڈویژن چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔  حافظ آباد میں بھی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یوم استحصال کشمیر منایا گیا ۔ اس سلسلہ میں مرکزی تقریب ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں منعقد ہوئی جہاں ڈپٹی کمشنر سند س ارشاد نے  پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے لہرائے جبکہ کشمیری مسلمانوں کے حق اور بھارتی مظالم کے خلاف ریلی نکالی ۔ شرکاء ریلی نے کشمیری مسلمانوں کے حق میں نعرہ بازی بھی کی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری مسلمانوں کے جذبہ آزادی اور ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے پاکستانی قوم کشمیر کی آزادی تک اپنے مسلمان بہن بھائیوں کے لیے یہ جدو جہد جاری رکھے گی ۔ ننکانہ صاحب میں بھی یوم استحصال کشمیر اور کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے سیمینارزاور ریلیوں کا انعقاد کیا، ضلع کونسل ہال سے شروع ہونے والی مرکزی ریلی گورودوارہ جنم استھان کے سامنے پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کی جانب سے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ضلع کونسل ہال میں مرکزی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں اراکین پنجاب اسمبلی مہر کاشف رنگ الہیٰ پڈھیار اور آغا علی حیدر خاں، ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد ارشد،  ضلعی افسران،  علماء اکرام، اقلیتی رہنمائوں، سیاسی و سماجی رہنمائوں اور اساتذہ نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران سکول اور کالجز کے بچوں یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے ملی نغمے اور تقاریر پیش کیں ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب چوہدری محمد ارشد کی زیر قیادت ضلع کونسل ہال سے گوردوارہ جنم استھان تک مرکزی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام  قصور میں یوم استحصال کشمیر بھرپور طریقے سے منایا گیا،ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں ڈی سی آفس سے کچہری چوک تک یوم استحصال کشمیر ریلی کا انعقاد‘کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی،کشمیر کیساتھ ہماری وابستگی لا زوال ہے۔ ہم کشمیریوں کی آواز ہیں‘ یوم استحصال کشمیر ریلی کے شرکاء  نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیر کے حق میں نعرے درج تھے۔

ای پیپر-دی نیشن