• news

اسرائیل نے بڑی غلطی کی جواب دینگے ، ایرانی صدر، 48گھنٹے میں اسرائیل پر حملہ ہوسکتا ہے : امریکی وزیر خارجہ 

تہران‘ واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اسماعیل ہانیہ کا قتل اسرائیل کی بڑی غلطی ہے، جواب دیا جائے گا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے دورہ تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔ اردنی وزیر خارجہ نے تہران میں ایرانی ہم منصب کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دورے کا مقصد علاقے میں سنگین کشیدگی پر مشاورت کرنا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان اختلافات دور کرنے کے لیے بات چیت شروع کرنی ہے۔ اردن نے ہمیشہ فلسطینی کاز اور فلسطینیوں کے حقوق کا دفاع کیا۔ دوسری طرف اسرائیل نے ایران اور حزب اﷲ کو دھمکی دی ہے، ایک حملہ کیا تو 2 حملوں سے جواب دیا جائے گا۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے خبردار کیا ہے کہ ایران اور ایرانی حمایت یافتہ گروپ حزب اﷲ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوارن اسرائیل پر حملہ کر سکتے ہیں تاہم واشنگٹن کے پاس یہ اطلاعات نہیں ہیں کہ حملہ کس وقت اور کس طرح کیا جائے گا۔ ایک کانفرنس کال میں ’جی سیون‘ کے نمائندوں کو بتایا امریکہ کا ماننا ہے کہ ایران اور حزب اﷲ دونوں بدلہ لیں گے‘ تاہم واشنگٹن کے پاس یہ اطلاعات نہیں ہیں کہ حملہ کس وقت اور کس طرح کیا جائے گا۔ امریکی وزیر خارجہ نے جی سیون کے ہم منصب کو بتایا کہ امریکہ، ایران اور حزب اﷲ کو اپنے حملوں کو محدود کرنے اور کسی بھی اسرائیلی ردعمل روکنے کے لئے قائل کر کے کشیدگی کم کرنے کے لئے پرامید ہے۔ انہوں نے دیگر وزرائے خارجہ کو بھی تینوں ممالک پر سفارتی دباؤ بڑھانے پر زور دیا۔ جی سیون ممالک (امریکہ‘ کینیڈا‘ فرانس‘ جرمنی‘ اٹلی‘ جاپان اور برطانیہ) نے ایک بیان جاری کیا جس میں مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے تمام سٹیک ہولڈرز سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کوئی بھی ملک یا قوم مزید کشیدگی سے فائدہ نہیں اٹھا سکے گی۔ اسماعیل ہانیہ کے قتل پر ایران یا حزب اللہ کی جانب سے جوابی کارروائی کے حوالے سے اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ ہم کسی بھی صورت حال کے لیے تیار ہیں۔ کسی بھی جارحانہ کارروائی پر دشمن کو بھاری قیمت چکانا ہو گی۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایران اور حزب اللہ کو دھمکی دی ہے کہ اگر اسماعیل ہانیہ کے قتل کے جواب میں ہم پر کوئی کارروائی کی گئی تو ایک کے بدلے دو حملوں سے جواب دیں گے۔ اسرائیلی وزیراعظم نے خبردار کیا کہ ہمارے ہاتھ دراز ہیں۔ غزہ، یمن، بیروت اور ہر اس جگہ تک پہنچ جاتا ہے جہاں ضرورت ہو۔ نیتن یاہو نے فوجی قیادت پر زور دیا کہ حماس کے رہنماؤں کا زیرِ زمین سرنگوں میں تعاقب کریں اور جہاں ملیں انہیں وہاں ختم کر دیں۔

ای پیپر-دی نیشن