تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رئوف حسن اڈیالہ جیل سے رہا
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت + نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رئوف حسن کو اڈیالہ جیل راولپنڈی سے رہا کر دیا گیا۔ رؤف حسن کو رہائی کی روبکار موصول ہونے پر اڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا۔ رہائی کی روبکار انسداد دہشتگردی عدالت سے جاری ہوئی تھی۔ ایڈووکیٹ شائستہ کھوسہ اور راجا یاسر رؤف حسن کو لیکر روانہ ہو گئے۔ قبل ازیں اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدلت نے رؤف حسن کے خلاف اسلحہ برآمدگی، ٹیرر فنانسنگ کیس میں درخواست ضمانت منظور کر لی تھی، جج طاہر عباس سپرا نے درخواست ضمانت پر دلائل کے بعد رؤف حسن کی ضمانت کی درخواست کی منظوری کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا تھا۔ فیصلے کے مطابق رؤف حسن مقدمے میں نامزد نہیں نہ ہی کوئی اسلحہ یا بارودی مواد ان سے برآمد ہوا۔ رؤف حسن کو مرکزی ملزم احمد وقاص کے پولیس کسٹڈی میں دیئے گئے بیان کی بنا پر شامل تفتیش کیا گیا۔ پولیس کسٹڈی میں دیئے گئے ایک ملزم کے بیان کو شریک ملزم کے خلاف استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ گزشتہ جرائم کا کوئی ریکارڈ نہیں، رؤف حسن کے خلاف تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں، وہ استغاثہ کو مطلوب بھی نہیں، ضمانت بعد از گرفتاری 2 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی جاتی ہے۔