ڈاکڑ پویس عبوری حکومت کے سر براہ مقرہ : بنگلہدیشی میڈیا : مظاہرے جاری ، بھارت سے نفرت : اندا گاندھی کلچرل سنٹرندذ آتش
ڈھاکہ‘ واشنگٹن‘ لندن (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) بنگلا دیش کی مستعفی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق شیخ حسینہ واجد کا بھارت پہنچنے کے بعد اگلا پڑاؤ لندن تھا جہاں وہ ممکنہ طور پر سیاسی پناہ کی درخواست دیتیں اور یا پھر فن لینڈ ان کی اگلی منزل ہوتی۔ تاہم اب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ نومنتخب برطانوی وزیراعظم نے ملکی پالیسی کے باعث برطانیہ پہنچ کر حسینہ واجد کو سیاسی پناہ دینے سے معذرت کر لی۔ اس نئی پالیسی کے تحت سیاسی پناہ کے متلاشیوں کو برطانیہ کے بجائے پہلے کسی دوسرے ملک میں عارضی قیام کرنا ہوتا ہے جہاں اس کے چال چلن اور پناہ کے مقاصد کا اندازہ لگایا جاتا ہے اور پھر سیاسی پناہ دی جاتی ہے۔ امریکہ نے بھی شیخ حسینہ واجد کا ویزا منسوخ کردیا تاہم اس حوالے سے امریکا کی جانب سے کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔ بنگلہ دیشی سٹاک مارکیٹ میں تاریخی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق ڈھاکہ سٹاک ایکسچینج براڈ انڈیکس میں گزشتہ روز 197 پوائنٹس یا 3.77 فیصد کا اضافہ ہوا جو گزشتہ ساڑھے تین برسوں کے دوران ہونے والا سب سے بڑا اضافہ ہے۔ بنگلہ دیش پولیس سروس ایسوسی ایشن نے سکیورٹی خدشات پر ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ شیخ حسینہ واجد کو بھارت میں محفوظ خفیہ مقام پر رہائش دے دی گئی ہے۔ بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق برطانیہ میں سیاسی پناہ ملنے تک شیخ حسینہ کے بھارت میں قیام کا امکان ہے۔ بنگلا دیشی میڈیا کا کہنا ہے کہ شیخ حسینہ کی نئی دیلی میں مقیم اپنی بیٹی صائمہ واجد سے بھی ملاقات متوقع ہے۔ جیسور شہر میں عوامی لیگ کے جنرل سیکرٹری کے زابیر انٹرنیشنل ہوٹل کو مظاہرین نے آگ لگا دی۔ ہوٹل میں دم گھٹنے سے 25 افراد جاں بحق‘ 150 زخمی ہو گئے۔ 12 گھنٹے بعد آگ بجھائی گئی۔ ملک میں مظاہرے جاری ہیں۔ کرفیو اٹھا لیا گیا۔ تعلیمی ادارے کھل گئے‘ طلباء کی تعداد کم ہے۔ بنگالیوں کی جانب سے عوامی لیگ کے ساتھ بھارت سے بھی نفرت کا اظہار کر دیا گیا۔ ڈھاکہ میں مظاہرین نے اندرا گاندھی کلچرل سنٹر میں توڑ پھوڑ کے بعد آگ لگا دی۔ بھارتی فضائی کمپنیوں نے بنگلہ دیش کیلئے پروازیں منسوخ کر دیں۔ ریل سروس بھی بند ہے۔ ادھر بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلادیش کی مستعفی وزیراعظم نے برطانیہ سے سیاسی پناہ کی درخواست کردی ہے جبکہ ان کی بہن شیخ ریحانہ کے پاس پہلے ہی سے برطانیہ کی شہریت ہے، دونوں بہنیں اس وقت بھارت میں ہیں۔ بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی کی چیئر پرسن بیگم خالدہ ضیا کو رہا کر دیا گیا۔ اپوزیشن رہنماؤں کی ضمانتیں بھی منظور ہو گئیں۔ بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق دارالحکومت ڈھاکہ کی مقامی عدالت نے اپوزیشن جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) اور جماعت اسلامی کے ایک ہزار سے زائد رہنماؤں اور کارکنوں کی ضمانت منظور کر لی۔ سابق وزراء کی پکڑ دھکڑ جاری ہے۔ ضمانت ملنے والے رہنماؤں میں بی این پی کے جوائنٹ سیکرٹری جنرل راہول کبیر رضوی‘ خالدہ ضیاء کے مشیر شمس الرحمان اور جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل غلام پروار شامل ہیں۔ اس کے علاوہ رہائی پانے والوں میں وزیر امیر خسرو محمود چودھری بھی شامل ہیں۔ جماعت اسلامی کے مرکزی مجلس عاملہ کے رکن میر قاسم کے لاپتہ بیٹے بیرسٹر میر احمد بن قاسم 8 برس بعد گھر واپس آ گئے۔ 2016ء کو گھر سے اٹھا لیا گیا تھا۔ جماعت اسلامی کے سابق امیر غلام اعظم مرحوم کے بیٹے سابق بریگیڈئر جنرل عبداﷲ الامان بھی واپس گھر آ گئے۔ بنگلا دیش کی فوج بڑے میں پیمانے پر تقرر و تبادلے کر دیئے گئے۔ بنگلہ دیش کے انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ میجر جنرل ضیاء الاحسن کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔ میجر جنرل ضیاء الاحسن ملکی انٹیلی جنس ایجنسی نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن مانیٹرنگ سینٹر (این ٹی ایم سی) کے ڈائریکٹر جنرل تھے اور یہ ایجنسی وزارت داخلہ کے ماتحت ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل سیف العالم کو وزارت خارجہ کا قلمدان دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل مجیب الرحمان جی او سی آرمی ٹریننگ اور ڈاکٹرائن کمانڈ ہوں گے۔ بنگلہ دیشی فوج کے میجر جنرل ضیاء الاحسن کی جگہ میجر جنرل رضوان الرحمان ڈی جی این ٹی ایم سی ہوں گے۔ اس کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل محمد سیف الاسلام کو وزارت خارجہ میں تعینات کیا گیا ہے جبکہ لیفٹیننٹ جنرل محمد مجیب الرحمان کو جی او سی آرمی ٹریننگ اینڈ ڈاکٹرائن کمانڈ تعینات کر دیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد تبریز شمس چودھری کو کوارٹر ماسٹر جنرل‘ لیفٹینننٹ جنرل میز انور شمیم کو چیف آف جنرل سٹاف تعینات کیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل محمد شاہین الحق کو کمانڈنٹ این ڈی سی اور میجر جنرل اے ایس ایم رضوان الرحمان کو ڈائریکٹر جنرل نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن مانیٹرنگ سینٹر (این ٹی ایم سی) کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔ حسینہ کے ساتھی اور سابق وزیر خارجہ ڈاکٹر حسن محمود اور وزیر اطلاعات کو ڈھاکہ ائر پورٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق وہ فرار ہونے کی کوشش کے دوان پکڑے گئے۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ نے پریس بریفنگ میں کہا موجودہ صورتحال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں اور بنگلہ دیش میں جلد سماجی استحکام کی بحالی کی امید کرتے ہیں۔ بنگلہ دیش میں احتجاج کے دوران اقلیتوں کی املاک پر حملے کئے گئے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق پیر اور منگل کو 97 مقامات پر اقلیتی برادری کے مکانات اور دکانوں پر حملہ کیا گیا۔ طلباء تحریک کے رہنماؤں نے مظاہرین کو اقلیتوں پر حملے نہ کرنے کا کہا ہے۔ صدر سپریم کورٹ بار محبوب الدین نے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت حسینہ واجد کو گرفتار کرکے بنگلہ دیش کے حوالے کرے۔ حسینہ واجد نے بہت لوگ مروائے۔ سیاسی ججز ایک ہفتے کے اندر استعفیٰ دیں۔ عبوری حکومت کی تشکیل کا کام شروع ہو گیا۔ بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق ایوان صدر سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا صدر شہاب الدین کے پریس سیکرٹری جوئنال عابدین کے مطابق ڈاکٹر محمد یونس عبوری حکومت کے سربراہ بن گئے۔ عبوری حکومت کے قیام کا فیصلہ ایوان صدر میں مشاورتی اجلاس میں ہوا۔ تینوں مسلح افواج کے سربراہ اور طلباء تحریک کی 13 رکنی ٹیم شریک تھی۔ قبل ازیں طلباء نے ڈاکٹر یونس کو عبوری حکومت کا چیف ایڈوائزر لگانے کا مطالبہ کیا تھا۔ عابدین کے مطابق سیاسی جماعتوں، دیگر سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد ڈاکٹر یونس کی سربراہی میں بنی حکومت کے دیگر ارکان کا اعلان کیا جائے گا۔