عالیہ حمزہ رہا‘ 29 اگست تک کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے: ہائیکورٹ
لاہور‘ گوجرانوالہ (خبر نگار + نمائندہ خصوصی) پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کو سنٹرل جیل گوجرانوالہ سے رہا کر دیا گیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے عالیہ حمزہ کی رہائی کی روبکار جاری کی تھی۔ عالیہ حمزہ 9 مئی کے مقدمہ میں گرفتار اور سنٹرل جیل گوجرانوالہ میں قید تھیں۔ جبکہ لاہور ہائی کورٹ نے رہنما پاکستان تحریک انصاف عالیہ حمزہ کو 29 اگست تک کسی بھی نئے مقدمے میں گرفتار کرنے سے روک دیا۔ جسٹس علی باقر نجفی نے عالیہ حمزہ کے شوہر کی درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران عدالت نے درخواستگزار کے وکیل کو ہدایت کی کہ عالیہ حمزہ کے ضمانتی مچلکے جمع کروائے جائیں۔ بعدازاں عدالت نے حکم دیا کہ کوئی بھی ایجنسی عالیہ حمزہ کو ہائی کورٹ کی اجازت کے بغیر گرفتار نہیں کرے گی۔ اسی کے ساتھ عدالت نے آئندہ سماعت پر اٹارنی جنرل سے رپورٹ بھی طلب کر لی۔ دوسری جانب ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کے شریک ملزموں کی درخواست ضمانت پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کر دیا، عدالت نے درخواستیں سماعت کے لئے مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق جیل سے رہائی کے موقع پر کارکنوں نے گلپاشی کی۔ جیل کے باہر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات تھی۔ عالیہ حمزہ کے ورثاء اور وکلا بھی موجود تھے۔