• news

رواں سال 18 شہروں میں سیف سٹی اتھارٹی قائم کرینگے: مریم نواز

لاہور+قصور+ننکانہ صاحب (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ نوائے وقت+نامہ نگار) ’’ہر شہری کے لئے محفوظ ترین پنجاب‘‘ کے تحت  وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر ’’سی ایم مریم نواز فری وائی فائی‘‘ کا لاہور اور قصور کے بعد اب ننکانہ صاحب میں بھی آغازکر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے لاہور میں مزید 250 مقامات پر فری وائی فائی سروس شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ننکانہ صاحب میں پہلے فیز میں پانچ مقامات پر سیف سٹی فری وائی فائی فنکشنل کر دیا گیا ہے۔  25 ہزار سے زائد شہری سی ایم مریم نواز فری وائی فائی سے مستفید ہوں گے۔ چار ہفتے میں سی ایم مریم نواز فری وائی فائی پراجیکٹ سے ننکانہ کے شہریوں نے 250 جی بی ڈیٹا استعمال کیا ہے۔  قصور میں فری وائی فائی ڈی ایچ کیو ہسپتال، وویمن کالج، نیو بس ٹرمینل، ریلوے سٹیشن، ماڈل بازار، ڈی سی آفس، نیشنل بنک چوک سمیت دیگر مقامات پر میسر ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر قصور میں مزید 20 پوائنٹس پر فری وائی فائی سروس شروع ہوگی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ لاہور میں 50 لاکھ سے زائد شہریوں کا مفت انٹرنیٹ سروس سے استفادہ کامیابی کا ثبوت ہے۔ سیف سٹیز بہت جلد راولپنڈی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں فنکشنل کریں گے۔ سال کے آخر تک 18 شہروں میں سیف سٹی اتھارٹی قائم کردی جائے گی۔ خواتین اور طالبات بھی سی ایم مریم نواز فری وائی فائی سروس سے ہنگامی صورتحال میں مدد حاصل کر سکیں گی۔ دوسری طرف  مریم نواز نے لاہور چوہنگ میں ڈاکوؤں سے پولیس مقابلے میں شہید ہونے والے اے ایس آئی نذیر کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور شہید کے درجات کی بلندی کی دعا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب حکومت شہید اے ایس آئی نذیر کی فیملی کا بھرپور ساتھ دے گی۔
مری (امتیاز الحق/ نامہ نگار خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چھانگلہ گلی میں نواز شریف سے تفصیلی ملاقات اور رہنمائی کے بعد مری سے بذریعہ ایکسپریس وے اسلام آ باد چلی گئیں۔ مریم نواز نے تین دن چھانگلہ گلی اپنی رہائش گاہ پر قیام کیا۔ نواز شریف نے مریم نواز کو خود چھانگلہ گلی بلایا تھا۔ مریم نواز کی واپسی پر متعدد مقامات پر مقامی لوگوں اور سیاحوں نے ان کی گاڑی کو دیکھ کر ہاتھ لہرا کر ان کا استقبال کیا۔

ای پیپر-دی نیشن