• news

میانوالی کے 3 ہسپتالوں کا دورہ، کرپشن کی شکایت پر ڈی پی او کو ہٹا دیا

لاہور؍ میانوالی ( نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگاران) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے  میانوالی  پہنچ کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال، ٹراما سینٹر اور جنرل ہسپتال کے پے در پے دورے کیے۔  ڈسٹرکٹ ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ  نے وارڈز سے پہلے ایم ایس آفس اور ایڈمن بلاک کی ری ویمپنگ پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ  نے ایم ایس ہسپتال سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ اچھا صاف ستھرا ماحول سب سے پہلے مریضوں کا حق ہے۔ مریم نواز نے کنسلٹنٹ ڈاکٹرز کی غیر حاضری کی شکایات کے بارے میں بھی اور 2 ماہ قبل ہسپتال کے عملے کی مبینہ غفلت سے لاوارث مریض کی ہلاکت کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ وزیر اعلیٰ  ڈی ایچ کیو ہسپتال سے ٹراما سینٹر پہنچ گئیں۔ مریض سے ایکسرے کے پیسے لینے کی شکایت پر فوری رپورٹ طلب کر لی۔  انڈر ٹریننگ ڈسپنسرز کی طرف سے وظیفہ دینے کی درخواست پر غور کرنے کا کہا۔  مریم  نے ٹراما سینٹر میں پروسیجر روم، مائنر آپریشن تھیٹر، فی میل میڈیکل ایمرجنسی اور پیڈز وارڈ کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پیڈز ایمرجنسی میں کافی دیر سے علاج کے منتظر بچے کو لے جا کر خود پرچی بنوائی اور علاج شروع کرایا۔ جنرل ہسپتال کے تمام وارڈز کو ترجیحی بنیادوں پر فنکشنل کرنے کا حکم دیا۔ ڈی ایچ کیو کے فی میل میڈیسن وارڈ اور نرسری کا بھی دورہ کیا۔ معمر مریضہ کی گنگرین /ڈایا بیٹک فٹ کا فوری علاج شروع کرانے کا حکم دیا۔  ہسپتال کے ویٹنگ روم میں منتظر تیمارداروں سے باری باری علاج کی سہولتوں، مریضوں سے مفت علاج، ادویات اور ٹیسٹ کے بارے میں بھی دریافت کیا۔  ٹراما سینٹر میں مریضوں سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ انتظار تو نہیں کرنا پڑتا، سب ٹھیک ہے ناں؟۔ مریم نواز  نے نرسری میں بچوں سے اظہار شفقت اور پیار کیا۔ وزیر اعلیٰ  نے مریضوں سے گفتگو  میں کہا کہ بہترین علاج میانوالی کے ہر شہری کا حق ہے۔ مریم نواز کے  کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس ویژن کے مطابق وزیراعلیٰ نے عوامی شکایات پر ڈی پی او میانوالی مطیع اللہ کو عہدے سے ہٹا دیا۔ وزیر اعلیٰ نے میانوالی میں کرائم ریٹ بڑھنے اور کرپشن کی عوامی شکایات پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے جیلوں میں کرپشن کے خاتمے اور کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔ دل کے مریضوں کے لئے پہلی کیتھ لیب میانوالی میں قائم کرنے کا اعلان کیا۔ میانوالی کے علاقے چھدرو میں زرعی ٹیوب ویل کی سولرائزیشن کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ میانوالی میں سیلابی پانی اور رودکوہی سے بچاؤ کے لئے پیشگی اقدامات کا حکم دیا۔ انہوں نے صفائی کے نظام میں بہتری اور گرین بیلٹ کو ڈویلپ کر نے کی ہدایت کی۔ صفائی میں بہتری کے لئے درکار مشینری کی جلد از جلد فراہمی کا حکم دیا۔ سکولوں کی حالت اور معیار تعلیم میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ  کی زیر صدارت میانوالی کی تعمیر وترقی کا جائزہ لینے کے لئے ڈی سی آفس میں خصوصی اجلاس ہوا۔ وزیر اعلیٰ نے ضلع بھر میں روٹی اور آٹے کے نرخ بھی دریافت کئے۔ کلینک آن وہیل اور فیلڈ ہسپتالوں کی کارکردگی کے بارے میں بھی آگاہی حاصل کی۔ انہوں نے سٹریٹ لائٹس کو مکمل فنکشنل کرنے اور تجاوزات ہٹا کر گلیوں اور بازاروں کو وسیع کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ کو پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹر ی کے تحت رجسٹرڈ فیملیز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بجلی کے بلوں سے نجات دلانے کے لئے سولر پینل دیں گے۔ سابق حکومت  غریبوں کی مفت ادویات بند کر گئی۔ 90 فیصد فری میڈیسن دے رہے ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن